سعودی وزیر خارجہ کی وفد کے ہمراہ آرمی چیف سے اہم ملاقات – ایکسپریس اردو

فوٹو آئی ایس پی آر

سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان آل سعود نے وفد کے ہمراہ منگل کو چیف آف آرمی سٹاف (سی او اے ایس) جنرل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سعودی وزیر خارجہ نے چیف آف آرمی اسٹاف سے ملاقات کی، جس میں مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید تقویت دینے کے لیے باہمی مفادات اور پالیسیوں پر بات چیت ہوئی۔

اعلامیے کے مطابق سعودی وزیر خارجہ نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی پائیدار اور اسٹریٹجک نوعیت کو اجاگر کیا اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے نئے راستے تلاش کرنے پر زور دیا۔

اس موقع پر آرمی چیف نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان برادرانہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے وفد کے دورے کی تعریف کی۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم سے سعودی وفد کی ملاقات، پی آئی اے سمیت کئی منصوبوں میں سرمایہ کاری پر گفتگو

انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام اپنے سعودی بھائیوں کے لیے اس عقیدت اور محبت کا اظہار کرتے ہیں۔ آرمی چیف نے وفد کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا اور دونوں ریاستوں کے لیے بات چیت کے باہمی فائدہ مند نتائج کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

واضح رہے کہ پاکستان کی جانب سےسعودی عرب کو سرمایہ کاری پر راغب کرنے کی کوششوں کے بعد سعودی وزیر خارجہ کی قیادت میں اعلیٰ سطح کا وفد پیر کو پاکستان پہنچا ہے۔

سعودی عرب سے آنے والے وفد میں اہم وزراء اور اعلیٰ حکام شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے جو ہو سکا کریں گے، سعودی وزیر خارجہ

یہ دورہ وزیراعظم شہباز شریف کے رواں ماہ کے اوائل میں ریاض کے دورے کے بعد ہورہا ہے جس میں وزیراعظم نے سعودی قیادت سے وسیع پیمانے پر بات چیت کی پیش کش کی تھی۔

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے اپنے سینئر کابینہ کے وزراء کو ہدایت کی کہ وہ فوری طور پر اسلام آباد کا دورہ کریں تاکہ سرمایہ کاری کے ممکنہ شعبوں کو تلاش کیا جا سکے۔ پاکستان اس دورے کو انتہائی اہمیت دے رہا ہے۔





Source link

اپنا تبصرہ بھیجیں