کالام کرکٹ سٹیڈیم کےٹھیکے کآ منصوبہ

بہت جلد منصوبے کا باقاعدہ سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔

پشاور: کالام میں بین الاقوامی معیار کے کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر کا ٹھیکہ دے دیا گیا ہے اور بہت جلد اس منصوبے کا باقاعدہ سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔

اس بات کا انکشاف منگل کو یہاں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں کیا گیا۔

اجلاس میں کمشنر ملاکنڈ ڈویژن شوکت علی یوسفزئی، ڈپٹی کمشنر سوات جنید خان، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس خالد خان اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

وزیراعلیٰ نے اس موقع پر کالام کرکٹ سٹیڈیم کا باقاعدہ سنگ بنیاد رکھنے کے لیے تمام پیشگی شرائط کو حتمی شکل دینے کی ہدایت کی تاکہ منصوبے پر فزیکل ورک بغیر کسی تاخیر کے شروع کیا جا سکے۔

اجلاس کو سٹیڈیم کے مختلف پہلوؤں کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ 341 کنال اراضی پر 2 ارب روپے کی لاگت سے سٹیٹ آف دی آرٹ کرکٹ سٹیڈیم قائم کیا جائے گا۔ مزید کہا گیا کہ مذکورہ منصوبہ دو سال میں مکمل کیا جائے گا۔

اسٹیڈیم میں دیگر جدید سہولیات کے ساتھ ساتھ شائقین کے لیے چھ ہزار نشستیں بھی دستیاب ہوں گی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ کالام سٹیڈیم کے قیام سے پاکستان میں کرکٹ کیلنڈر کی توسیع اور بین الاقوامی سطح پر مقامی سیاحت کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کے جدید ترین کرکٹ اسٹیڈیم کے قیام سے صوبائی معیشت مضبوط ہوگی، مقامی لوگوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور دیگر کھیلوں کو بھی فروغ ملے گا۔

وزیراعلیٰ نے نوجوانوں کو کھیلوں کی جدید سہولیات کی فراہمی کو اپنی حکومت کی اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت مختلف اضلاع میں متعدد سپورٹس کمپلیکس کے قیام پر کام کر رہی ہے۔ حوالہ