ظریف جبل پوری وفات 1 مارچ

ظریف جبل پوری (پیدائش: 30 نومبر، 1913ء – وفات: یکم مارچ، 1964ء) پاکستان سے تعلق رکھنے والے اردو کے نامور مزاحیہ شاعر تھے۔
ظریف جبل پوری 30 نومبر، 1913ء میں جبل پور، برطانوی ہندوستان میں پیدا ہوئے تھے۔ ان کا اصل نام سید حامد رضا نقوی تھا۔ ان کے کلام کے دو مجموعے فرمان ظرافت، تلافی مافات ان کی زندگی میں اور نشاط تماشا ان کی وفات کے بعد شائع ہوا۔

تصانیف
فرمان ظرافت
تلافی مافات
نشاط تماشا
فلمی عشق

محبت جس کو کہتے ہیں بڑی مشکل سے ہوتی ہے
فقط اِک بار ہوتی ہے خلوص دل سے ہوتی ہے
جہان فلم میں اُلفت کا ہر نخرا نرالا ہے
یہ ایسی دال ہے جس دال میں کالا ہی کالا ہے
اگر بازار میں لڑکی پھسل جائے محبت ہے
سہارا پا کے لڑکے کا سنبھل جائے محبت ہے
کسی لڑکی کو ڈاکو سے چھڑا کر لاؤ اُلفت ہو
کسی کی سائیکل سے سائیکل ٹکراؤ الفت ہو
یہ فلمی عشق نے کیسا نیا پہلو نکالا ہے
پولس کپتان کی لڑکی کا عاشق رکشے والا ہے
مقدر کو کہیں سے ساز گاری ہی نہیں ملتی
وہی ملتی ہے اور کوئی سواری ہی نہیں ملتی
بہ ظاہر دیکھنے میں صرف اک موٹر کی ٹکر ہے
کسی دل پھینک سے لیکن کسی دلبر کی ٹکر ہے
یہ فلمی عشق ہے، لے دے کے بس اس کا یہ حاصل ہے
ہماری قوم کے بچوں کے حق میں زہر قاتل ہے
ظریفؔ انجام کیا ہوگا جو میرا دل بھی کھو جائے
کہیں ایسا نہ ہو، مجھ کو بھی فلمی عشق ہو جائے
شعر

جھوٹے عاشق جو ہیں آہ و بکا کرتے ہیں
ہم شبِ ہجر میں خبار پڑھا کرتے ہیں
وفات
ظرف جبل پوری یکم مارچ، 1964ء کو کراچی، پاکستان میں وفات پاگئے۔