محشر بدایونی پیدائش 4 مئی

محشر بدایونی (پیدائش: 4 مئی 1922ء – وفات: 9 نومبر 1994ء) پاکستان سے تعلق رکھنے و الے اردو زبان کے نامور شاعر تھے۔
محشر بدایونی 4 مئی، 1922ء کو بدایوں، برطانوی ہندوستان میں پیدا ہوئے۔ ان کا اصل نام فاروق احمد تھا۔ انھوں نے بدایوں سے ہی تعلیم حاصل کی اور قیام پاکستان کے بعد ریڈیو پاکستان کے جریدے آہنگ سے منسلک ہو گئے۔ محشر بدایونی کا شمار اردو کے ممتاز شعرا میں ہوتا ہے۔ غزل ان کی محبوب صنف سخن تھی۔ ان کی تصانیف میں شہر نوا، غزل دریا، گردش کوزہ، فصل فردا، چراغ ہم نوا، حرف ثنا، شاعر نامہ، سائنس نامہ اور بین باجے کے نام شامل ہیں۔
تصانیف
شاعرنامہ (53 شعرا کا منظوم تذکرہ)
شہر نو (شاعری)
حرف ثناء (نعتیں)
غزل دریا (شاعری)
گردش ِکوزہ (شاعری)
فصل فردا
چراغ ہم نوا
سائنس نامہ
بین باجے
نمونۂ کلام
جھوٹے اقرار سے انکار اچھا​
تم سے تو میں ہی گنہہ گار اچھا​
حبس چھٹ جائے دیا جلتا رہے​
گھر بس اتنا ہی ہوا دار اچھا​
عجز خواری ہے نہ ظاہر داری​
عجز کو چاہئے معیار اچھا​
یہ عمارت ہے اسی واسطے خوب​
اس عمارت کا تھا معمار اچھا
چھوڑو یہ تجربے اے چارہ گرو​
جینے دو مجھ کو میں بیمار اچھا​​
سُکھ سے تو فن کبھی پنپتا ہی نہیں​
جو دُکھی ہے وہی فن کار اچھا​

محشر بدایونی 9 نومبر، 1994ء کو کراچی، پاکستان میں وفات پا گئے۔ وہ کراچی میں سخی حسن کے قبرستان میں آسودۂ خاک ہیں۔