ٹماٹر معدے کے کینسر سے بچاؤ میں مفید

فلا ڈلفیا: ٹماٹروں میں کئی ایسے اہم اجزا دریافت ہوچکے ہیں جو کئی اقسام کے سرطان سے بچانے میں معاون ثابت ہوسکتے ہیں لیکن اب نئی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ ٹماٹر معدے کے سرطان سے بچاؤ اور علاج میں بھی مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق پورا ٹماٹر کھانے سے پیٹ کے کینسر کا علاج اور بچاؤ ممکن ہے۔ امریکا اور اٹلی کے سائنسدانوں کا کہنا ہےکہ 2 اقسام کے ٹماٹر سان مرزانو اور کوربارینو نہ صرف پیٹ کے کینسر کو روکتے ہیں بلکہ ان کے سرطانی خواص کو بھی کم کرتے ہیں، یہ ٹماٹر لمبوترے ہوتے ہیں اور ان میں پہلے بھی بہت سارے مفید اجزا دریافت ہوچکے ہیں۔
فلاڈیلفیا کی ٹیمپل یونیورسٹی میں سبارو انسٹی ٹیوٹ فار مالیکیولر میڈیسن کے سربراہ پروفیسر اینتونیو گیورڈانو نے اپنی تحقیقات جرنل آف سیلولر فزیالوجی میں شائع کرائی ہیں۔ ماہرین کے مطابق معدے کے کینسر کو گیسٹرک کینسر بھی کہا جاتا ہے اور ٹماٹروں میں سرخ رنگت بکھیرنے والا ایک جزو لائسوپین کینسر کے خلاف لڑسکتا ہے۔ اس کے علاوہ پورے ٹماٹر کا جزو گیسٹرک کینسر کے خلیات پھیلنے سے روکتے ہیں۔ ٹماٹر بنیادی رسولی سے دیگر علاقوں سے پھیلنے والے سرطان کو بھی روک سکتا ہے۔ ماہرین کا خیال ہے کہ ٹماٹر کی بعض اقسام کینسر پر مختلف اثرات مرتب کرتی ہیں اور اب ان کا طویل مطالعہ کیا جانا ہے۔

کیٹاگری میں : صحت