حزیں قادری وفات 19 مارچ

حزیں قادری (پیدائش: 1926ء – وفات: 19 مارچ، 1991ء) پاکستان کی فلمی صنعت کے مشہور کہانی کار اور نغمہ نگار تھے، جو اپنے نغمات ٹانگے والا خیر منگدا، چن میرے مکھناں اور اکھیاں توں رہن دے اکھیاں دے کول کول کی وجہ سے لازوال شہرت رکھتے ہیں۔
حزیں قادری 1926ء کو گاؤں راجا تمولی، گوجرانوالہ، برطانوی ہندوستان (موجودہ پاکستان) میں پیدا ہوئے ان کا اصل نام بشیر احمد تھا۔ وہ غربت و افلاس کے سبب اپنی تعلیم مکمل نہ کرسکے، صرف پرائمری تک تعلیم حاصل کرسکے۔ انہیں سب سے پہلے ریڈیو پاکستان میں اپنے جوہر دکھانے کا موقع ملا جہاں ان کا پہلا گیت ہی اکھیاں توں رہن دے اکھیاں دے کول کول بہت مقبول ہوا۔ پاکستانی فلمی صنعت کے نامور ہدایت کارانور کمال پاشا نے 1950ء میں انہیں اپنی کامیاب فلم دو آنسو میں موقع دیا۔ یہ فلم اردو میں بنی تھی تاہم اس فلم کے بعد انہوں نے صرف اور صرف پنجابی فلموں کی کہانیاں اور نغمات لکھے۔ ان کی مشہور فلموں میں ہیر، پاٹے خان، چھومنتر، ڈاچی، ملنگی، پنھے خاں، پتن، ماہی منڈا، نوراں، موج میلہ، جماں جنج نال، چن مکھناں، باؤ جی، سجن پیارا، جنٹرمین، ماں پتر، سجناں دور دیا، خان چاچا، سلطان، مستانہ ماہی اور کئی دوسری فلمیں شامل ہیں- وہ 1970ء میں ریلیز ہونے والی پنجابی فلم سجناں دور دیا کے پروڈیوسر بھی تھے۔

حزیں قادری کے مشہور نغمات میں فلم ہیر کا نغمہ اسین جان کے میت لئی اکھ وے، فلم چھومنتر کا برے نصیب مرے، فلم ڈاچی کا ٹانگے والا خیر منگدا اور اکھیاں نوں رہن دے اکھیاں دے کول کول سرفہرست ہیں۔

مشہور نغمات
اسین جان کے میت لئی اکھ وے (ہیر)
برے نصیب مرے (چھومنتر)
ٹانگے والا خیر منگدا (ڈاچی)
چن میرے مکھناں (چن مکھناں)
اکھیاں نوں رہن دے اکھیاں دے کول کول
دلدار صدقے، لکھ وار صدقے (سلطان)
سیونی میرا ماہی میرے بھاگ جگاون آ گیا (مستانہ ماہی)
اپنابناکے، دل لاکے چھڈ جائیں ناں (جنٹرمین)
فلمی کہانیاں
ضدی (1973ء)
غازی علم دین شہید (1978ء)
اعزازات
حزیں قادری نے 1973ء میں فلم ضدی اور 1978ء میں فلم علم دین شہید پر بہترین کہانی کے نگار ایوارڈ حاصل کیے۔ 1989ء میں ان کی 25 سالہ فلمی خدمات پر بھی انہیں خصوصی نگار ایوارڈ عطا کیا گیا۔

وفات
حزیں قادری 19 مارچ، 1991ء کو لاہور، پاکستان میں وفات پا گئے اور لاہور میں ڈی ون، گلبرگ کے قبرستان میں سپردِ خاک ہوئے۔
ویب سائیٹ