حجاب امتیاز علی وفات 19 مارچ

حجاب امتیاز علی (پیدائش: 4 نومبر، 1908ء- وفات: 19 مارچ، 1999ء) پاکستان کی نامور افسانہ و ناول نگار ہیں جو اپنی رومانی تحریروں کی وجہ سے مشہور و مقبول ہیں۔
حجاب امتیاز علی نے 4 نومبر، 1908ء میں حیدر آباد دکن، ہندوستان کے ایک مقتدر اور مہذب گھرانے میں آنکھ کھولی۔ ان کے والد سید محمد اسماعیل نظام حیدر آباد کے فرسٹ سکریٹری تھے۔ حجاب نے عربی، فارسی، اردو اور موسیقی کی تعلیم گھر پر ہی پائی۔ حجاب کی والدہ عباسی بیگم بھی اپنے عہد کی معروف ناول نگار تھیں۔ ان کا ناول زہرہ بیگم مقبول ہوا اور فلسفیانہ مقالات کا مجموعہ گل صحرا ان کی قابل قدر یادگار ہے۔ حجاب نے انگریزی تعلیم کالج میں حاصل کی، جس میں انہیں عبور حاصل تھا۔

شادی
حجاب کی شادی 1935ء میں ڈراما انارکلی کے مصنف امتیاز علی تاج سے ہوئی۔ نکاح سے قبل حجاب کا نام حجاب اسماعیل تھا، جو بعد میں حجاب امتیاز علی مشہور ہو گیا۔

پہلی مسلم خاتون پائلٹ
حجاب نے 1936ء میں ناردن لاہور فلائنگ کلب سے ہوا بازی کی سند حاصل کی اور برٹش گورنمنٹ کی وہ پہلی خاتون پائلٹ کہلائیں۔ اسی برس تہذیب نسواں میں ان کی ہوا بازی کے متعلق ایک نظم چھپی تھی، جس نے حجاب کو کافی شہرت دی۔

ادبی خدمات
حجاب نے قریب بارہ برس کی عمر میں جب قلم پکڑا تو میری ناتمام محبت منظر عام پر آیا۔ یہ فقط ایک افسانہ کا عنوان ہی نہ تھا، بلکہ ایک افسانوی مجموعہ کا نام بھی بن گیا۔ عشقیہ موضوع پر حجاب کی یہ کاوش بہت مقبول ہوئی۔ بارہ برس کی اس کم سن تخلیق کار کو اپنی والدہ سے قلمی تعاون حاصل تھا، جس کی وضاحت حجاب نے کئی مقامات پر کی ہے۔ حجاب کے افسانے فنی اور لسانی دونوں اعتبار سے بلند ہوتے ہیں۔ ان کی تحریروں میں غضب کی دلکشی اور تاثیر ہے۔ ان کے افسانوں میں وہ تمام خوبیاں موجود ہیں، جو ایک کامیاب کہانی کا ر میں ضروری ہیں۔ حجاب کے افسانوں کا پلاٹ اکہرا، چست درست، مربوط اور مضبوط ہے۔ برجستگی کا لطف اور زبان کی چاشنی بھرپور ہے۔ حجاب نے اپنی تحریروں سے ادب کو نئی جہت دی۔ ناولوں میں اندھیرا خواب، ظالم محبت، وہ بہاریں یہ خزائیں، سیاح عورت، افسانوی مجموعے میری ناتمام محبت، ممی خانہ، تحفے اور شگوفے قابل ذکر ہیں۔ علاوہ ازیں انھوں نے دیگر تحریریں بھی یاد گار چھوڑی ہیں۔ حجاب کی زندگی بے حدر نگین تھی۔ ان کی شام زیادہ تر پارٹیوں، ادبی محفلوں، سنیما ہال یاریستوراں میں گزرتی تھی۔ انھیں ہوا بازی کے علاوہ کار ڈرائیونگ، پالتو بلیاں، طوطے اور کبوتر پالنا اور ان کے ساتھ کھیلنا بہت پسند تھا۔ باجود ان تمام مصروفیات کے لکھنے اور پڑھنے کا بھی ان کا وقت مقرر تھا۔ تہذیب نسواں کی ادارتی ذمہ داریاں بھی انھوں نے نبھائیں۔ تاج کے ساتھ لاہور کی علمی وادبی فضا میں رہ کر ان کے ادبی ذوق میں مزید نکھار پیدا ہوا۔

ایک مستند ومعتبر فنکار کے لیے تمثیل نگاری اور معاشرے کی ترجمانی اس وقت تک ممکن نہیں، جب تک اس کی نظر کائنات سے گہرائی کا مطالعہ نہ کرلے اور اسے سماج کے نشیب وفراز سے پوری آگہی نہ ہو۔ حجاب کا تجربہ ومطالعہ نہایت وسیع ہے، اس لیے وہ منظر نگاری کے دل پزیر ودلکش خاکوں کی سچی تصویر بناتی ہیں اور ایسا حسین کینوس کہ قاری کو یہ احساس ہونے لگتا ہے کہ وہ اس نظارہ کو بچشم خود دیکھ کر لطف اندوز ہو رہا ہے۔ حجاب کی زندگی کا بڑا حصہ سیر وتفریح میں بیتا ہے، لہٰذا جو کچھ انھوں نے دیکھا، محسوس کیا، ان کو افسانوی رنگ میں پیش کر دیا۔ حجاب کی کہانیوں اور ناولوں کے کردار عاشقانہ ورومانی ہونے کے باوجود اخلاقی وتہذیبی روایات کے باغی نہیں ہیں۔ وہ ان لطیف اقدار کو محبوب رکھتی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ رومانیت کی دھیمی آنچ میں ابھرتے محبت کے جذبات دلوں میں اتر جاتے ہیں-

تصانیف
ناول
ظالم محبت
اندھیرا خواب
پاگل خانہ
افسانوی مجموعے
وہ بہاریں یہ خزائیں
میری ناتمام محبت
احتیاط عشق
ممی خانہ
تحفے اور شگوفے
صنوبر کے سائے اور دوسرے رومان
آپ بیتی
تصویرِ بتاں
ڈائری
لیل و نہار
تراجم
ننھی بیبیاں

اعزازات
حجاب امتیاز علی کے آخری ناول پاگل خانہ کو آدم جی ادبی انعام سے نوازا گیا اور حکومت پاکستان نے آپ کی گرانقدر ادبی خدمات کے اعتراف میں انہیں ستارۂ امتیاز سے نوازا۔

وفات
19 مارچ 1999ء کو حجاب امتیاز علی لاہور، پاکستان میں وفات پاگئیں۔ وہ لاہور میں مومن پورہ کے قبرستان میں آسودۂ خاک ہیں۔