ڈومینیکا ٹیسٹ؛ ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم 247 رنز پر پویلین لوٹ گئی

ڈومینیکا: ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم ڈومینیکا ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 247 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئی جس کے بعد پاکستان نے میزبان ٹیم پر 129 رنز کی برتری حاصل کرلی۔
ڈومینیکا میں جاری تیسرے اور فیصلہ کن ٹیسٹ کے چوتھے روز میزبان ویسٹ انڈیز نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 218 رنز سے اپنی نامکمل اننگز کا آغاز کیا تو شین ڈورچ 20 اور کپتان جیسن ہولڈر11 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے لیکن مجموعی اسکور پر کوئی اضافہ کئے بغیر ڈورچ محمد عامر کا شکار بن گئے جس کے بعد محمد عباس ویسٹ انڈین بلے بازوں پر قہر بن کر ٹوٹے اور ایک کے بعد ایک وکٹ لیتے چلے گئے۔ دوندرا بشو، الزیری جوزیف اور شینن گیبرئیل بغیر کوئی رنز بنائے محمد عباس کا شکار بنے۔ پاکستان کی جانب سے محمد عباس نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5، یاسرشاہ نے 3، محمد عامر اور اظہرعلی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں اظہر علی کی سنچری اور کپتان مصباح الحق، بابراعظم اور سرفراز احمد کی نصف سنچریوں کی بدولت 367 رنز بنائے تھے۔ تین ٹیسٹ میچز کی سیریز میں اب تک دونوں ٹیموں نے ایک ایک میچ اپنے نام کیا ہے۔