عمران خان کے کاغذات نامزدگی اور گوشواروں کی تفصیلات طلب

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے چیر مین تحریک انصاف عمران خان کو نااہلی سے متعلق متفرق درخواستوں پر جمعے تک جواب جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے 2002 کے کاغذات نامزدگی سمیت گوشواروں کی تفصیلات بھی طلب کرلیں۔

چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے عمران خان اور جہانگیر ترین کی نااہلی کے لیے حنیف عباسی کی درخواستوں کی سماعت کی۔ سماعت کے موقع پر عمران خان کے وکیل نعیم بخاری کا کہنا تھا کہ عمران خان کی طرف سے بیان حلفی جمع کرا رہا ہوں، عدالت اور اکرام شیخ اس کا جائزہ لے لیں جب کہ لندن فلیٹس سے نیازی سروسز کے فعال ہونے تک تمام دستاویزات دوں گا۔
نعیم بخاری نے عدالت کو بتایا کہ 13 تاریخ سے قریبی دوست کے ٹرانسپلانٹ کے لئے لندن جانا ہے لہذا 10 دن کے لیے عدالت میں دستیاب نہیں ہوں گا تاہم جانے سے پہلے 45 منٹ میں اپنے دلائل مکمل کرنے کی کوشش کروں گا جس پر چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ ممکن ہے 45 منٹ صرف غیر ملکی کمپنیوں کے قیام اور کام کرنے پر لگ جائیں، نعیم بخاری نے کہا کہ غیر ملکی فنڈنگ پر شواہد دینا میرا کام نہیں جس پر وکیل پی ٹی آئی انور منصور نے کہا کہ فنڈنگ کے معاملے پر عدالت کی میں معاونت کروں گا۔