پاکستانی طالبات کو اٹلی میں تعلیم و اسکالر شپس کیلیے درخواستیں جمع کرانی چاہیں، قونصل جنرل

فوٹو ایکسپریس

کراچی میں تعینات اطالوی قونصل جنرل ڈینیلوگوئیرڈانیلا نے کہا کہ وہ پاکستانی عوام کی مہمان نوازی اور سخاوت سے بیحد متاثرہوئے ہیں۔ انہوں نے پاکستانی طلباء کے لیے گیٹ ویز کھولنے کے لیے اپنی دلچسپی اظہار کیا اور کہا کہ جب اٹلی میں تعلیم کے لئے درخواستوں کا جائزہ لیاجاتاہے تو طالبات کی جانب سے بہت کم درخواستیں موصول ہوتیں ہیں، طالبات کو آگے بڑھنے اوراسکالر شپ کے لئے درخواستیں جمع کرانے پر زور دیا۔

انہوں نے بتایا کہ اطالوی جامعات پاکستانی طلبہ کے لئے سیاحت،سماجی کام،مہمان نوازی سمیت تقریباً تمام شعبوں سے متعلق پروگرام پیش کرتی ہیں۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے کلیہ فنون وسماجی جامعہ کراچی اور اطالوی قونصلیٹ کے اشتراک سے چائنیزٹیچرز میموریل آڈیٹوریم جامعہ کراچی میں منعقدہ سیمینار بعنوان ”اٹلی:  تعلیم وتحقیق کے لئے ایک منزل“  سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

رئیس کلیہ فنون وسماجی علوم جامعہ کراچی پروفیسرڈاکٹر شائستہ تبسم نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ سیمینار کا مقصد اٹلی کے تعلیمی اداروں میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے طلباء کے ساتھ ساتھ تعلیم اور تحقیق سے وابستہ اساتذہ اور ماہرین تعلیم کے لیے دستیاب وظائف کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنا، اٹلی میں تعلیم حاصل کرنے کی اہمیت کو اجاگر کرنا، شرکاء کو اٹلی میں موجودبے شمارمواقعوں سے روشناس کرانا ہے اور بالخصوص اطالوی جامعات میں داخلوں اور اسکالرشپ حاصل کرنے کے منتظر طلبہ کو داخلوں سے متعلق طریقہ کاراورآگاہی فراہم کرناہے، اطالوی جامعات اب عالمی سطح پر تسلیم شدہ اعلیٰ یونیورسٹیوں میں شامل ہیں۔

ڈاکٹر شائستہ تبسم نے مزید کہا کہ اطالوی ثقافت اور معاشرے کی کشادگی اورتنوع کی تعریف کی اور کہا کہ کہ اٹلی اپنی بھرپور ثقافت، تاریخ، خوبصورت مناظر کے لیے جانا جاتا ہے لیکن یہ بہت سے نامور اسکالرز، آرکیٹیکٹس، سائنسدانوں، فلسفیوں اور محققین کا گھر بھی ہے۔ انہوں نے پاکستانی طلباء کے لیے نئے مواقع کھولنے میں اٹلی کے قونصل خانے کی کوششوں کو سراہا۔ ڈاکٹر شائستہ تبسم نے یہ بتایا کہ جامعہ کراچی نے پہلے ہی نیپلز یونیورسٹی کے ساتھ ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرچکی ہے، اور ایک مفاہمتی یادداشت Italy  University of Udineکے ساتھ جاری ہے۔

جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر خالد محمودعراقی نے اطالوی زبان سیکھنے کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ زبان سیکھنا صرف زبان کے بارے میں نہیں بلکہ اس کی ثقافت اور اقدار کو سمجھنا بھی ہے۔

سیمینار کے دوران اطالوی جامعات سے فارغ التحصیل ہونے والے طلبا و طالبات، پروفیسرز اور ڈاکٹرزنے اپنے تجربات سے شرکاء کو آگاہ کیا اور اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے پاکستانی طلباء کی اطالوی جامعات میں اپلائی کرنے کی ضرورت اور اہمیت پر زور دیا اور طلباء کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ ان مواقعوں سے فائدہ اٹھائیں کیونکہ اطالوی جامعات میں تعلیم حاصل کرنا ان کی زندگیوں میں ایک گیم چینجر ثابت ہو سکتا ہے۔ کراچی میں اطالوی قونصلیٹ جنرل کے کوآرڈینیٹر کی جانب سے اطالوی یونیورسٹیوں کے آفیشل پورٹل کے بارے میں ایک پریزنٹیشن بھی فراہم کی گئی اور یہ بھی بتایا گیا کہ طلبہ کس طرح اور کس زمرے میں داخلے اور اسکالرشپ کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔





Source link