امریکہ اور کینیڈا کی تحریکی قیادت کو درپیش چیلنج

تحریر : خلیل الرحمن چشتی
حصہء دوم
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
5۔ اسلامی یونیورسٹی کا قیام :
پانچواں کام یہ ہے کہ امریکہ اور کنیڈا کی تحریکی قیادت کو مل بیٹھ کر یہ سوچنا چاہیے کہ وہ ایک اسلامی کالج اور اسلامی یونیورسٹی کیسے قائم کر سکتے ہیں ، جہاں دیگر تمام علوم کے ساتھ عربی زبان ، تفسیر ، حدیث ، تمام مذاہب کی فقہ ، سیرتِ نبویؐ ، سیرتِ صحابہ ؓ وغیرہ کے لازمی مضامین ہوں۔اس یونیورسٹی میں میڈیکل کالج بھی ہو ۔ لاکالج بھی ہو اور انفرمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ جات بھی ہوں۔ یہاں سے نکلنے والا طبقہ ہی مستقبل میں امریکہ اور کنیڈا کے مسلمانوں کی فکری قیادت کر سکے گااور اقامتِ دین کو صحیح معنی میں سمجھ کر اپنے آپ کو دین کے لیے وقف کر دے گا۔ بعض لوگوں نے مسلکی مدارس قائم کر لیے ہیں۔ تحریکی قیادت کا کام ہے کہ مسلکی تعصب اور تحزب سے بالا تر ہو کر قرآن اور صحیح احادیث کی روشنی میں نصاب ترتیب دیں۔ تمام مسالک کو جمع کریں اور وحدۃ اُمت کے لیے کام کریں۔
اسلامی یونیورسٹی ہی شمالی امریکہ کو اقامتِ دین کے لیے نئے افراد فراہم کرے گی۔ہجرت کرنے والے بہت دیر تک ایک موثر قیادت فراہم نہیں کر سکتے۔

6۔اقتصادی اداروں کا قیام:
تحریکی قیادت کا یہ کام بھی ہے کہ وہ یہاں کے مسلمانوں سے سرمایہ جمع کر کے ایک بہت بڑی رقم جمع کریں ۔ کم سے کم ایک ہزار ڈالر($ 1,000) کا ایک شیر (Share)ہو سکتا ہے۔ کئی ملین ڈالر بلکہ کئی بلین ڈالر(Billion) جمع کیے جا سکتے ہیں۔ یہ رقم جمع کر کے دو جگہ سرمایہ کاری کی جائے۔

(الف) مشترکہ سرمایہ کاری ہو۔بڑے شہروں سے ذرا دور ،بڑی زمینیں خرید لی جائیں اور وہاں نئے شہر آباد کیے جائیں۔
(ب)غیر سودی بینک قائم کیے جائیں۔سود سے پاک گاڑیاں اورمکانات فراہم کیے جائیں۔

7۔ Mobile Teamموبائل ٹیم :
مغرب کی دنیا ایک مصروف دنیا ہے۔ اکثر مسلمان خواتین بھی ملازمت کرتی ہیں۔ صرف ہفتہ اور اتوار ہی کو کچھ فراغت ملتی ہے۔ عام مسلمانوں کی تعلیم اور تربیت کے لیے موبائل معلمین اور مدرسین کو مقرر کرنا بھی ایک فرضِ کفایہ ہے۔ ایک ایسی موبائل ٹیم ہو ، جو سال کے بارہ مہینے امریکہ اور کنیڈا کے تمام صوبوں کا سلسلہ وار دورہ کرے۔ ویک اینڈ (Week ends) پر سارے دن کے سیمینار(Day long Seminars) ہوں۔ اسلام کی بنیادی تعلیمات سے آگا کیا جائے۔ جیسے:

1۔ اسلام میں خدا کا تصور اور دیگر مذاہب میں خدا کا تصور۔توحید اور تثلیث (Trinity)کا فرق۔

2۔ خدا کے وجود کے عقلی اور نقلی دلائل ۔

3۔ حضرت آدم ؑ سے لے کر رسول اللہ ﷺ تک کی نبوت اور رسالت کا عقیدہ ۔
یہودیوں اور عیسائیوں میں رسالت کا تصور۔ رسولوں کا انکار ، مخالفت اور رسولوں کا قتل، انجام۔

4۔ امکانِ آخرت کے عقلی اور نقلی دلائل ۔ منکرینِ آخرت سے قرآن مجید کا مکالمہ۔

5۔ اللہ تعالی کے اسمائےحسنیٰ اور صفاتِ حسنیٰ کا تعارف ، قرآن اور صحیح احادیث کی روشنی میں۔

6۔ اللہ تعالیٰ کی توحیدِ حاکمیت کے دلائل۔

7۔ تورات ، زبور ، انجیل اور قرآن کی تاریخی اسنادی حیثیت۔ قرآن اپنی اصلی زبان میں اپنے اصلی الفاظ کے ساتھ جوں کا توں محفوظ ہے ، لیکن دیگر کتابوں کا یہ معاملہ نہیں ہے۔ نہ تو اُن کی زبان محفوظ ہے اور نہ اُن کے الفاظ۔ لفظی اور معنوی تعریفات کو مثالوں سے سمجھایا جائے تا کہ قرآنِ مجید پر یقین میں اضافہ ہو ۔

8۔ علمِ حدیث پر مستقل سیمینار منغقد کیے جائیں ، تا کہ یہ اُمت صحیح احادیث ، ضعیف احادیث اور جھوٹی من گڑت احادیث سے با خبر اور ہوشیار ہو جائے۔

9۔ نمازِ نبوی کی تربیت دی جائے اور فقہا کے اختلافات کو واضح کیا جائے۔
10۔ حلال و حرام کے اُصول بتا کر بڑے بڑے گناہوں کی قباحت واضح کی جائے۔

11۔ زکوٰۃ کے مسائل سے آگاہ کیا جائے ، کیونکہ یہاں کا تقریباً ہر باشندہ صاحبِ نصابِ ہوتا ہے۔ ہر ایک کے پاس عموماً ساڑھے سات تولے سونے سے زیادہ کی دولت ہوتی ہے۔
12۔:Special Courses & Seminars

نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں کے لیے ضروری ہے کہ 16 اور 17 سال کی عمر ہی میں خصوصی کورسزز اور سیمینار کے ذریعے نکاح کی اہمیت ، شادی کے مقصد ، اولاد کی اہمیت ، میاں بیوی کے باہمی حقوق ، بچوں کے حقوق ، والدین کے حقوق ، رشتے داروں کے حقوق اور پڑوسیوں اور یتیموں اور مسکینوں کے حقوق کے بارے میں بتایا جائے، تا کہ وہ مغربی اِباحیت اور آوارہ گردی سے بچ سکیں۔ مسلمانوں کو یہاں مغربی تہذیب سے بچ کر ایک مضبوط خاندانی نظام قائم کرنا چاہیے، اور اس سے بڑھ کر یہاں کے دیگر شہریوں کو مضبوط خاندانی نظام کی خوبیوں سے آگاہ کر کے اُنہیں دین کی دعوت دینی چاہیے۔

12۔عربی زبان کی تعلیم :
عربی زبان کی تعلیم کے لیے ، جو آخری وحی کی زبان ہے ، شمالی امریکہ کے نوجوانوں کو تیار کیا جائے۔ وحی کی زبان سے محرومی کا انجام وہی ہوگا۔ جو یہو دونصاری کا ہوا۔اسلامی قیادت کا یہ فریضہ ہے کہ وہ عربی زبان کی تعلیم کے لیے شمالی امریکہ کے تمام بڑے شہروں میں مراکز قائم کرے، تا کہ یہاں کے شہری قرآن اور احادیث کی اصل زبان پر مہارت حاصل کر کے اپنے آپ کو دین کی دعوت و تبلیغ کے لیے وقف کر دیں۔
شمالی امریکہ میں اسلام کا ، مسلمانوں کا اور اقامتِ دین کا مستقبل صحیح علم ، اِخلاص ، اعلیٰ قیادت اور اسلامی اداروں کے قیام ہی سے وابستہ ہے۔
ایمان ، اخلاص نیت ، صحیح اور پختہ علم اور جذبہ ء تبلیغ کے ساتھ کون سی چیز ناممکن ہے ؟

خلیل الرحمٰن چشتی
کینڈا
13 مئی 2022ء