زیب النسا حمید اللہ وفات 10ستمبر

بیگم زیب النسا حمید اللہ Zaib-un-Nissa Hamidullah، (پیدائش: 25 دسمبر، 1921ء – وفات: 10 ستمبر، 2000ء) پاکستان سے تعلق رکھنے والی انگریزی زبان کی ممتاز مصنفہ، شاعرہ، صحافی، پبلشر اور مشہور انگریزی جریدے مرر کی ایڈیٹر تھیں۔ وہ پاکستان کی پہلی خاتون ایڈیٹر ہونے کی وجہ سے شہرت رکھتی ہیں۔
زیب النسا حمید اللہ 25 دسمبر، 1921ء کو کلکتہ، برطانوی ہندوستان میں پیدا ہوئیں۔ انہوں نے اپنی صحافتی زندگی کا آغاز روزنامہ ڈان سے کیا۔ اکتوبر 1951ء میں انہوں نے کراچی سے مشہور انگریزی جریدے مرر کا اجرا کیا جو اپنے گیٹ اپ اور خبروں اور مضامین کی خوب صورت پیشکش کی وجہ سے بہت جلد پاکستان کا ایک مقبول جریدہ بن گیا۔ یہ جریدہ اپریل 1972ء تک جاری رہا۔ اس دوران اسے ایک مرتبہ بندش کا بھی سامنا کرنا پڑا مگر بیگم زیب النسا حمید اللہ نے اس بندش کو سپریم کورٹ آف پاکستان میں چیلنج کر دیا۔ جہاں ان کے حق میں فیصلہ ہوا اور یوں مرر کی اشاعت دوبارہ بحال ہو گئی۔ بیگم زیب النسا حمید اللہ انگریزی زبان کی شاعرہ بھی تھیں، ان کے شعری مجموعے The Indian Bouqet، The Lotus Leaves اور The Flute of Memory کے نام سے شائع ہوئے۔
تصانیف
Indian Bouquet – 1941
Lotus Leaves – 1946
Sixty Days in America- 1956
The Young Wife – 1958
The Flute of Memory – 1964
Poems – 1972
وفات
بیگم زیب النسا حمید اللہ 10 ستمبر، 2000ء کو کراچی، پاکستان میں وفات پا گئیں۔