احمد ہمیش وفات 8 ستمبر

08؍ستمبر 2013

*افسانہ نگار، اردو میں نثری نظم کے اولین شاعروں میں شامل۔ اہم ادبی جریدے’تشکیل ‘ کے مدیر اور ممتاز شاعر” احمد ہمَیشؔ صاحب “ کا یومِ وفات…*

*احمد ہمیش، یکم؍جولائی ١٩٤٠ء* کو ہندوستان کی ریاست اتر پردیش کے *ضلع بلیا* کے ایک چھوٹے سے گاوں *بانسپار* میں پیدا ہوئے۔١٩٦٢ء میں ان کی ایک نظم حنیف رامے کی ادارت میں نکلنے والے جریدے *نصرت* میں شائع ہوئی۔ اس نظم کے بارے میں ان کا دعویٰ تھا کہ وہ اردو کی پہلی نثری نظم ہے ۔
ستر کی دہائی کے اوائل میں کراچی منتقل ہونے کے بعد وہ کچھ عرصے تک وہ ریڈیو پاکستان کراچی کی ہندی سروس سے وابستہ رہے۔اسی زمانے میں *قمر جمیل* کی قیادت میں نثری شاعری نے ایک تحریک کی شکل اختیار کی تو احمد ہمیش اس کے ہراول دستے میں شامل تھے۔تاہم اس سے پہلے وہ ایک تجریدی افسانہ نگار کے طور پر اپنی پہچان منوا چکے تھے اوران کے افسانوں کا پہلا مجموعہ *’مکھی‘* 1968 میں ہندوستان سے شائع ہوکر دھوم مچا چکا تھا ۔ تیس برس بعد 1998 میں ان کے افسانوں کا دوسرا مجموعہ *کہانی مجھے لکھتی ہے* کے نام سے شائع ہوا۔ *احمد ہَمیش، ٨؍ستمبر٢٠١٣ء* کی شب کراچی میں انتقال کر گئےاورکراچی ہی میں آسودۂ خاک ہوئے۔

🌹✨ *پیشکش : اعجاز زیڈ ایچ*

*፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤*

🔳🌸 *ممتاز شاعر احمد ہَمیشؔ کے یوم وفات پر منتخب کلام بطور خراجِ عقیدت…* 🔳🌸

جہاں سے ہوتا ہے پیارے خدا کا نام شروع
وہیں سے کرتے ہم زندگی کا کام شروع

یہ کیسی راہِ سفر ہے یہ کیسا عالم ہے
کہ پاؤں رکھیں جہاں بھی وہیں مقام شروع

جہاں پہ ہوتا ہے دل پہ نزول بار عذاب
وہیں سے ہوتا ہے دنیا کا یہ نظام شروع

نہ سوچو وقت بہت کم ہے زندگی کم ہے
جو ہو سکے تو کرو گردشِ مدام شروع

سکوت و شور کے مابین کوئی ہے موجود
جہاں ہو ختم سماعت وہیں کلام شروع

بڑی عجیب ہے یہ داستانِ عشق ہمیشؔ
سویرا ہونے سے پہلے ہو گویا شام شروع

❀◐┉══════════┉◐❀

کبھی تم نے کچھ تو دیا نہیں کبھی ہم نے کچھ تو لیا نہیں
ہمیں زندگی سے ہو بحث کیا کوئی واقعہ تو ہوا نہیں

مگر ایسی کوئی خلش بھی تھی جو فقط ہمارا نصیب تھی
کہ جو روگ ہم نے لگا لیا کسی اور کو تو لگا نہیں

ذرا دیکھنا کہ وہ کون ہے پس رمز وحشت عاشقی
بھلا کس نے ہم کو شکست دی کبھی پہلے ایسا ہوا نہیں

جسے پاس آنا تھا آ گیا اور نفس کے تار بھی جڑ گئے
کہ طلب کی تھیں یہی منزلیں کوئی فاصلہ تو رہا نہیں

بڑی وسعتیں ہیں زمین پر ہمیں اور چاہئے کیا مگر
وہ جو حسن اس کی نظر میں ہے کوئی اس سے بڑھ کر ملا نہیں

وہ جو مل چکی ہیں اذیتیں چلو مان لیں کہ بہت ہوا
مگر اب ملا ہے جو حوصلہ کسی اور کو تو ملا نہیں

●•●┄─┅━━━★✰★━━━┅─●•●

🌹 *احمد ہَمیشؔ*🌹

*انتخاب : اعجاز زیڈ ایچ*