بیگم رعنا لیاقت علی وفات 13 جون

بیگم رعنا لیاقت علی (ولادت: 13 فروری 1905ء – وفات: 13 جون 1990ء) 1947ء سے 1951ء تک پاکستان کی خاتون اول، پاکستان کے پہلے وزیراعظم لیاقت علی خان کی بیگم، تحریک پاکستان کی رکن اور سندھ کی پہلی خاتون گورنر تھیں۔ وہ اپنے شوہر کے ہمراہ تحریک پاکستان کی صف اول کی خواتین میں شامل تھیں۔ بیگم رعنا ان پیشہ ور خواتین سیاست دانوں اور ملک گیر معزز خواتین شخصیات میں شامل تھیں جنہوں نے 1940ء میں اپنے کیریئر کا آغاز کیا اور پاکستان میں اہم واقعات کا مشاہدہ کیا۔ وہ تحریک پاکستان کی ایک اہم اور سرکردہ خاتون شخصیت میں سے ایک تھیں اور انہوں نے محمد علی جناح کے تحت کام کیا اور پاکستان موومنٹ کمیٹی کی ذِمّہ دار رکن کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔ انہوں نے جناح کی پاکستان موومنٹ کمیٹی میں معاشی مشیر کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دیں اور بعد میں جب ان کے شوہر لیاقت خان علی پاکستان کے پہلے وزیر اعظم بنے تو پاکستان کی خاتون اول بھی بنیں۔ خاتون اول پاکستان کی حیثیت سے، انہوں نے نئے قائم ملک (پاکستان) میں خواتین کی ترقی کے لئے پروگرام شروع کیے۔
بیگم رعنا لیاقت علی لکھنؤ، برطانوی ہندوستان میں 1905ء کو کمونی عیسائی خاندان میں پیدا ہوئیں۔ آپ کا پیدایشی نام شیلا آئرین پنت تھا۔ آپ کو الموڑا کی بیٹی کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔ ان کے والد، ڈینیل پنت، متحدہ صوبوں کے سیکرٹریٹ میں خدمات انجام دیتے تھے۔ کمونی برہمن (ہندوؤں کی ایک اعلی ذات)، پنت خاندان نے تقریباً 1871ء میں عیسائیت مذہب قبول کیا تھا۔ بیگم رعنا نے ابتدائی تعلیم نینی تال کے ایک زنانہ ہائی اسکول میں حاصل کی۔ لکھنؤ یونیورسٹی سے ایم اے معاشیات اور عمرانیات کیا۔ کچھ عرصہ ٹیچر رہیں۔ 1933ء میں خان لیاقت علی خان سے شادی ہوئی۔ پاکستان بننے سے قبل آپ نے عورتوں کی ایک تنظیم “آل پاکستان ویمنز ایسوسی ایشن (اپوا)” قائم کی۔ قیام پاکستان کے بعد ایمپلائمنٹ ایکسچینج اوراغوا شدہ لڑکیوں کی تلاش اور شادی بیاہ کے محکمے ان کے حوالے کیے گئے۔ اقوام متحدہ کے اجلاس منعقدہ 1952ء میں پاکستان کے مندوب کی حیثیت سے شریک ہوئیں۔ 1954ء میں ہالینڈ اور بعد ازاں اٹلی میں سفیراور سندھ کی گورنر بھی رہیں۔

وفات
بیگم رعنا لیاقت علی 13 جون 1990ء کو حرکتِ قلب بند ہونے کے سبب کراچی میں انتقال کرگئیں اور مزارِ قائد کے احاطے لیاقت علی خان کے پہلو میں مدفون ہیں۔

ایوارڈ اور اعزاز
نشان امتیاز، پاکستان کا سب سے بڑا شہری ایوارڈ، حکومت پاکستان کی جانب سے دیا گیا-