آرٹیکل 62، 63 ججز اور جرنیلوں پر بھی لاگو ہوناچاہیے، سراج الحق

گجرات: امیرجماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ آرٹیکل 62 اور 63 کو ختم کرنے کا خیال دل سے نکال کر اسے ججز، جرنیلوں اور سرکاری افسران پر بھی نافذ کرنا چاہئے۔
گجرات میں سابق وزیراعظم نوازشریف کی پروٹوکول گاڑی تلے کچل کر جاں بحق ہونے والے بچے حامد کی رسم قل کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے امیرجماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ ہمارے معاشرے میں وی آئی پی کلچر فروغ پارہا ہے غریبوں کا کوئی پرسان حال نہیں، کسی بھر غریب انسان کے خون کی کوئی قیمت نہیں، وزیراعظم کے اسکواڈ میں شامل گاڑی نے پہلے بچے کو کچلا اور پھر بچے کو روندتے ہوئے تڑپتا چھوڑکر آگے نکل گئے کیا یہ بے حسی نہیں۔
امیرجماعت اسلامی نے کہا کہ نوازشریف کے قافلے میں بڑے بڑے چور بھی شامل تھے اور یہ لوگ اب آرٹیکل 62 اور 63 کو ختم کرنے کے درپے ہوگئے ہیں لیکن ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے اور رکاوٹ بنیں گےجب کہ دیگر جماعتوں کو بھی اس مسئلے پر متفق کیاجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آرٹیکل 62 اور 63 کو ختم کرنے کا خیال بھی دل سے نکال دینا چاہئے بلکہ میں چاہتا ہوں کہ اس آرٹیکل کو ججز، جرنیلوں اور سرکاری افسران پر بھی لاگو ہونا چاہئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں