[ad_1]
ریلوے افسران نے بتایا کہ 2 ٹرینوں کا وقت تبدیل کر دیا گیا ہے اور 3 کو منزل پر پہنچنے سے پہلے ہی روک دیا گیا ہے، علاوہ ازیں پٹری کو درست کرنے اور ریل ٹرانسپورٹیشن بحال کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔
ایک بار پھر ٹرین کے بے پٹری ہونے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ اس مرتبہ تلنگانہ کے پیداپلی ضلع میں ایک مال گاڑی کے کم و بیش 11 ڈبے پٹری سے اتر گئے۔ اس کی وجہ سے مجموعی طور پر 20 مسافر ٹرینوں کو رَد کرنا پڑا۔ جنوب وسط ریلوے (ایس سی آر) کے افسران نے بدھ کے روز اس واقعہ کے تعلق سے جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ نہ صرف کئی مسافر ٹرینوں کو رد کیا گیا ہے، بلکہ 10 گاڑیوں کا راستہ بھی بدلا گیا ہے۔
افسران کے مطابق منگل کی دیر شب لوہا لے جا رہی مال گاڑی کے 11 ڈبے راگھو پورم اور راماگونڈم کے درمیان پٹری سے اتر گئے۔ ایس سی آر زون کی طرف سے جاری ایک نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ مال گاڑی کے پٹری سے اتر جانے کے سبب 20 مسافر ٹرینیں رد کر دی گئیں، جن میں سے 4 ٹرینیں جزوی طور سے رد کی گئی ہیں اور 10 کے راستے بدلے گئے ہیں۔ جنوبی وسط ریلوے نے یہ بھی جانکاری دی ہے کہ 2 ٹرینوں کا وقت تبدیل کیا گیا ہے اور 3 کو منزل پر پہنچنے سے پہلے ہی روک دیا گیا ہے۔ افسران نے بتایا کہ پٹری کو درست کرنے اور ریل ٹرانسپورٹیشن بحال کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ گزشتہ 2 ہفتوں میں یوپی، تمل ناڈو، آسام، بہار اور مہاراشٹر جیسی ریاستوں میں ٹرینوں کے بے پٹری ہونے کی خبریں سامنے آئی ہیں۔ حال ہی میں بہار کے مظفر پور کے پاس مال گاڑی کے 4 خالی ڈبے پٹری سے اتر گئے تھے، جس سے ٹرانسپورٹیشن متاثر ہوا تھا۔ آسام میں بھی مال گاڑی کے کچھ ڈبے پٹری سے اترے تھے۔ اس طرح کے واقعات لگاتار بڑھ رہے ہیں جس سے سازش کا اندیشہ بھی ظاہر کیا جانے لگا ہے۔ این آئی اے نے کچھ دن قبل ہی ریل گاڑیوں کے پٹری سے اترنے کے واقعات میں کسی طرح کی سازش ہونے کا پتہ لگانے کے لیے ابتدائی جانچ شروع کر دی ہے۔ افسران نے اس بارے میں جانکاری دیتے ہوئے بتایا تھا کہ این آئی اے کے افسران کم از کم 4 ایسے حادثات کی جانچ کر رہے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
[ad_2]
Source link