راجدھانی دہلی میں فضائی آلودگی کا مسٓئلہ جوں کا توں برقرار ہے۔ کئی علاقوں میں اس نے سنگین شکل بھی اختیار کر لی ہے۔ اے کیو آئی سی این کے مطابق جمعرات کی صبح قریب 7 بجے اوکھلا میں سب سے زیادہ اے کیو آئی 551 درج کیا گیا۔ وہیں آنند وِہار بھی اس سے زیادہ پیچھے نہیں رہا، یہاں کا اے کیو آئی 521 ریکارڈ کیا گیا۔ دیگر علاقوں میں شرینواس کا 405، آئی آئی ٹی شاردار کا 432، نوئیڈا سیکٹر 62 کا 357، نوئیڈا سیکٹر 1 کا 258 اے کیو آئی درج کیا گیا۔
بدھ کو دہلی میں سردیوں کے اس موسم میں پہلی بار ہوا کا معیار ‘سنگین’ زمرہ میں پہنچا اور اے کیو آئی 400 سے تجاوز کر گیا۔ پورے دن کہرے کی چادر بچھی رہی۔ این سی آر کے شہروں میں بھی اے کیو آئی کی سطح میں اضافہ دیکھا گیا۔ اس دوران پورے ملک میں سب سے خراب ہوا کا معیار دہلی میں ہی درج کیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ آئندہ دو دنوں میں ہی اس کے واپس ‘انتہائی خراب’ زمرے میں پہنچ جانے کے آثار ہیں۔