لاہور: صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب بھر  میں فارمیسی شاپس پر  ڈکیتی کی وارداتوں  میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، فارمیسی شاپس پر وارداتیں کرنے والوں میں پانچ رکنی گروہ متحرک ہے۔

لاہور میں فارمیسی کی شاپ پر اسی گینگ کی  ڈکیتی واردات کی فوٹیج سامنے آئی ہے،فوٹیج میں ڈاکووں کو اسلحہ چھینتے، فائرنگ کرتے اور لوٹ مار کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

ایف آئی آر کے مطابق پانچ ڈاکووں نے فارمیسی پر واردات کی، ڈاکوؤں نے گارڈ سے اسلحہ چھین کر اسے گولی مار کر زخمی کیا،ڈاکووں کی فائرنگ سے ایک اور دکان کا سیکیورٹی گارڈ بھی زخمی ہوا۔

ملزمان نے ایک اور واردات کے دوران بھی سیکیورٹی گارڈ کو فائرنگ کرکے زخمی کردیا تھا، زخمی ہونے والا سیکیورٹی گارڈ بعد میں اسپتال میں  دم توڑ گیا۔

ایف آئی آر کے مطابق ڈاکو فارمیسی سے لاکھوں روپے مالیت کی نقدی،موبائل فون اور دیگر سامان لوٹ کر فرار ہوئے۔

ذرائع کے مطابق ڈاکووں کا یہ گینگ متعدد فارمیسیوں پر لوٹ مار کرچکا ہے، ملزمان موٹرسائیکل پر گھومتے رہتے ہیں اور موقع ملنے پر واردات کرکے فرار ہوجاتے ہیں، ملزمان لاہور سمیت دیگر اضلاع میں بھی وارداتیں کرچکے ہیں۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے وارداتوں کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کے لیے ڈی آئی جی آرگنائزڈ کرائم یونٹ عمران کشور کو خصوصی ٹاسک سونپ دیا ہے۔

ڈی آئی جی آرگنائز ڈ کرائم یونٹ لاہور عمران کشور کا کہنا ہے کہ فوٹیج اور دیگر شواہد کی روشنی میں ملزمان کو ٹریس کیا جارہا ہے جلد ہی ملزمان کو گرفتار کرلیا جائے گا۔

اس گینگ  کی گرفتاری کیلئے آرگنائزڈ کرائم یونٹ کی ٹیمیں  کام کر رہی ہیں۔





Source link

By admin