دولت پور /  حیدرآباد: صدر مملکت آصف علی زرداری کے ماضی کے انتہائی قریبی ساتھی سردار اسماعیل ڈاہری کو گاڑی سے چرس اور کلاشنکوف برآمد ہونے پر گرفتار کرلیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سابق صوبائی معاون خصوصی سردار اسماعیل ڈاہری کو گرفتار کرلیا گیا ہے ان کے خاندانی ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے۔

اسماعیل ڈاہری کو ان کے پی اے اور گارڈ سمیت کو آمری پل سے سی آئی اے پولیس جامشورو نے گرفتار کیا ہے اور نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے، سیاسی مخالفین نے انتقامی کارروائی کروا کر میرے بھائی کو گرفتار کروایا۔

سردار اسماعیل ڈاہری ماضی میں صدر زرداری کے انتہائی قریب سمجھے جاتے تھے۔ اسماعیل ڈاہری پیپلز پارٹی کے مقابلے میں میدان میں اترے تھے بعد میں آصف علی زرداری کے کہنے پر الیکشن سے دست بردار ہوگئے تھے۔

دریں اثنا اے سیکشن پولیس لطیف آباد حیدرآباد نے سابق معاون خصوصی اسماعیل ڈاہری کی اور ان کے ساتھی عنایت اوٹھو کی گرفتاری ظاہر کردی۔

پولیس ترجمان کے مطابق پولیس نے آٹوبھان روڈ گندے پانی کی موٹر کے قریب سے دوران چیکنگ کار سے پانچ کلو چرس اور ایک بغیر لائسنس کلاشنکوف برآمد کی ہے، پولیس نے گاڑی میں سوار دو افراد کو حراست میں لیا، ملزمان کی شناخت اسماعیل ڈاہری اور عنایت اوٹھو کے نام سے ہوئی۔

پولیس ترجمان کے مطابق اسماعیل ڈاہری اور اس کے ساتھی عنایت اوٹھو نے ابتدائی بیان میں منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کیا ہے، دونوں ملزمان کے خلاف نارکوٹکس ایکٹ اور آرمز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے۔

بعدازاں اے سیکشن پولیس نے اسماعیل ڈاہری اور عنایت اوٹھو کو ریمانڈ کے لیے سول جج نمبر دس کی عدالت میں پیش کردیا۔





Source link

By admin