گورنر عبداللہ کا کہنا ہے کہ حادثہ تربیتی پروازوں کے دوران جنوب مغربی علاقہ اسپارٹا میں پیش آیا، انھوں نے یہ بھی بتایا کہ مہلوکین میں ایک بریگیڈیر جنرل بھی شامل ہیں جو ہوابازی اسکول کے انچارج تھے۔
ہیلی کاپٹر حادثہ کے بعد کا منظر، ویڈیو گریب
ترکیہ کے 2 فوجی ہیلی کاپٹر آج آپس میں ٹکرا گئے جس کے سبب 5 فوجی اہلکاروں کی موت واقع ہو گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق جن 5 فوجی اہلکاروں کی موت ہوئی ہے، وہ سبھی ایک ہی ہیلی کاپٹر میں سوار تھے، جبکہ دوسرے ہیلی کاپٹر کی محفوظ لینڈنگ کرائی گئی۔ ایک فرد کے زخمی ہونے کی اطلاع بھی ملی ہے جسے فوری طور پر علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
پرائیویٹ نیوز چینل این ٹی وی نے گورنر عبداللہ ایرن کے حوالے سے ہیلی کاپٹر حادثہ کی تصدیق کی ہے۔ گورنر کے مطابق یہ حادثہ معمول کے مطابق ہونے والے تربیتی پروازوں کے دوران جنوب مغربی علاقہ اسپارٹا میں پیش آیا۔ انھوں نے بتایا کہ مہلوکین میں ایک بریگیڈ جنرل بھی شامل ہیں، جو ہوابازی اسکول کے انچارج تھے۔ گورنر نے اس حادثہ کی تحقیقات شروع ہونے کی جانکاری بھی دی ہے۔
ترکیہ کے وزیر دفاع نے بھی اس حادثہ کی تصدیق کر دی ہے۔ انھوں نے بھی 5 فوجی اہلکاروں کی ہلاکت اور ایک کے زخمی ہونے کی جانکاری دی ہے۔ ابھی تک یہ صاف نہیں ہو سکا ہے کہ آخر دونوں فوجی ہیلی کاپٹر آپس میں کس طرح متصادم ہو گئے۔ رپورٹس کے مطابق ترکیہ فوج کے 2 یو ایس-1 ہیلی کاپٹر ٹریننگ کے دوران آپس میں ٹکرائے۔ سوشل میڈیا میں روسی میڈیا آؤٹ لیٹ آر ٹی نے حادثہ سے متعلق ایک ویڈیو پوسٹ کیا ہے، جس میں پہاڑی علاقہ کے درمیان دھوئیں کا غبار دکھائی دے رہا ہے۔ ساتھ ہی ویڈیو میں فائر بریگیڈ کی گاڑیوں کے ذریعہ آگ بجھانے کی کوشش بھی دیکھنے کو مل رہی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔