[ad_1]
آسام کے چائے باغان میں کام کرنے والے جھارکھنڈ کی قبائلی جماعت سے متعلق حالات کا مطالعہ کرنے کے لیے عہدیداران کی ایک ٹیم آسام جائے گی اور تفصیلی رپورٹ حکومت کو پیش کرے گی۔
ہیمنت سورین ایک بار پھر وزیر اعلیٰ کے عہدہ پر فائز ہو گئے ہیں۔ انہوں نے آج شام رانچی میں انڈیا اتحاد کے سرکردہ لیڈران کی موجودگی میں وزیر اعلیٰ عہدہ کا حلف لیا۔ بعد ازاں اپنی پہلی کابینہ میٹنگ میں ہی انھوں نے خواتین کے لیے ’مئیّاں سمّان یوجنا‘ کے تحت 2500 روپے دینے کی تجویز پر مہر لگا دی۔ اپنی پہلی کابینہ میٹنگ میں انھوں نے ’مئیّاں سمّان یوجنا‘ کے علاوہ کئی دیگر تجاویز کو بھی منظوری دی ہے۔ خواتین کی امداد سے متعلق انہوں نے جو قدم آج اٹھایا ہے، اس کا انہوں نے انتخابی جلسوں میں اکثر ذکر کیا تھا۔ ہیمنت سورین نے آج اپنے فیصلے سے ثابت کر دیا ہے کہ وہ انتخاب میں کیے گئے وعدوں کو پورا کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں اور اس کے لیے پرعزم ہیں۔
آئیے ہیمنت سورین کی پہلی کابینہ میٹنگ میں لیے گئے اہم فیصلوں اور تجاویز پر سرسری نظر ڈالیں۔
-
جھارکھنڈ قانون ساز اسمبلی کے اراکین کو حلف دلانے کے لیے پروفیسر اسٹیفن مرانڈی کو پروٹیم اسپیکر کے طور پر مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
-
چھٹے جھارکھنڈ قانون ساز اسمبلی کا پہلا اجلاس 9۔12۔2024 سے 12۔12۔2024 تک بلانے کا فیصلہ کیا گیا۔
-
’مئیّاں سمّان یوجنا‘ کے تحت دسمبر 2024 کے مہینے سے خواتین کو 2500 روپے ماہانہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
-
1،36،000 کروڑ (ایک لاکھ چھتیس ہزار کروڑ) جو مرکزی حکومت/ مرکزی منصوبہ کا بقایا ہے اس کی وصولی کے لیے قانونی کارروائی شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
-
ریاست کی آمدنی میں اضافے کے لیے نئے ذرائع تلاش کرنے، کان کنی کے شعبے میں لاگو پرانے ٹیکسوں میں اضافے اور عدالتی مقدمات میں زیر التواء وصولی میں تیزی لانے کے لیے محکمہ خزانہ میں ایک خصوصی سیل بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔
-
پولیس کی تقرری کے لیے مستقبل کے امتحانی عمل کا جائزہ لینے کا فیصلہ کیا گیا۔
-
تمام خالی آسامیوں پر تقرری کے لیے جے پی ایس سی، جے ایس ایس سی اور دیگر اتھارٹی 01 جنوری 2025 سے پہلے امتحانی کیلنڈر شائع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
-
آسام کے چائے باغان میں کام کرنے والے جھارکھنڈ کے قبائلی جماعت کی حالت اور انہیں مستقبل میں فراہم کی جانے والی سہولیات کا مطالعہ کرنے کے لیے عہدیداران کی ایک ٹیم آسام جا کر زمینی سطح پر ان کے حالات کا مطالعہ کر کے حکومت کو اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔
قابل ذکر ہے کہ ہیمنت سورین نے آج ایک شاندار تقریب کے دوران جھارکھنڈ کے 14ویں وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لیا۔ حلف برداری کی تقریب رانچی کے مشہور مورہابادی میدان میں منعقد ہوئی، جہاں ریاستی گورنر سنتوش گنگوار نے انہیں عہدہ اور رازداری کا حلف دلایا۔ اس موقع پر ہیمنت سورین کے والد اور سابق وزیر اعلیٰ شیبو سورین، والدہ روپی سورین، کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے، لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی، وزیر اعلیٰ مغربی بنگال ممتا بنرجی، سماجوادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو، عام آدمی پارٹی کے کنوینر اروند کیجریوال، آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو اور دیگر اہم رہنما موجود تھے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
[ad_2]
Source link