[ad_1]
صدر جمعیۃ علماء ہند مولانا محمود مدنی نے سنبھل کے ذمہ داروں سے ملاقات کی اور مغموم اہل خانہ کے زخموں پر مرہم لگایا۔
نئی دہلی: ’’سنبھل میں پولیس انتظامیہ نے جو انسانیت سوز جرم کا ارتکاب کیا ہے وہ کسی بھی طرح قابل قبول نہیں ہے۔ ہم اس کے خلاف ہر سطح پر لڑیں گے اور مظلوموں و بے قصور گرفتار شدگان کو انصاف دلائیں گے۔‘‘ یہ اعلان آج جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا محمود اسعد مدنی نے رجب پور امروہہ میں سنبھل حادثہ سے متعلق ہوئی ایک اہم میٹنگ میں کیا۔ مولانا مدنی نے اعلان کیا کہ جمعیۃ علماء ہند سبھی شہدا کے ورثا کو 5-5 لاکھ روپے دے گی، نیز جو زخمی ہوئے ہیں ان کے علاج و معالجہ کے لیے دست تعاون بڑھایا جائے گا۔
اس میٹنگ میں جمعیۃ علماء امروہہ، جمعیۃ علماء سنبھل اور جمعیۃ علماء مرادآباد کے ذمہ داران موجود تھے۔ میٹنگ میں جمعیۃ علماء ہند کے ناظم عمومی مولانا حکیم الدین قاسمی اور جمعیۃ علماء ہند کے خازن مولانا قاری شوکت علی اور مفتی محمد عفان منصورپوری بھی شریک ہوئے۔ صدر جمعیۃ علماء ہند نے تینوں اضلاع کے ذمہ داران پر مشتمل ایک ریلیف کمیٹی بھی تشکیل دی جس کے کنوینر حافظ محمد شاہد صدر جمعیۃ علماء سنبھل ہوں گے۔ نیز ایک قانونی کمیٹی تشکیل دینے کا بھی فیصلہ ہوا۔
دوسری طرف ٹی ایم یو یونیورسٹی کے ہاسپیٹل میں زخمیوں کے اہل خانہ سے ملاقات کے بعد جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا حکیم الدین قاسمی نے سخت اعتراض ظاہر کیا کہ زیر علاج زخمیوں کے پیروں میں بیڑیاں ڈالی گئی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ہمیں اطلاع ملی ہے کہ پولیس محکمہ زیر علاج محروسین پر دباؤ بنا رہا ہے کہ وہ اپنے بیانات کو بدل دے، جو انصاف و قانون کے خلاف ہے اور ہم اس کے خلاف اپنی آواز بلند کرتے ہیں۔
واضح ہو کہ جمعیۃ علماء ہند کے وفد نے ناظم عمومی مولانا حکیم الدین قاسمی کی قیادت میں آج صبح پولیس فائرنگ میں زخمی ہونے والوں کے متعلقین سے ٹی ایم یو ہسپتال میں مل کر مزاج پرسی کی۔ ان مجروحین کا علاج پولیس کی سخت نگرانی میں ہو رہا ہے۔ ان میں ایک محمد عظیم ابن خلیل احمد ساکن ساہواج پور کلاں سنبھل ہیں، جبکہ دوسرے محمد حسن ساکن نخاسہ محلہ بڑا بازار سنبھل ہیں جن کے دائیں بازو میں گولی لگی ہے۔ ان کے والد عرفان احمد کا قریب 20 روز قبل انتقال ہوا تھا۔ والدہ عدت میں ہیں۔ تیسرے زیر علاج شخص محمد وسیم ساکن محمود کی سرائے ہیں۔ جمعیۃ علماء ہند کے وفد میں ناظم عمومی جمعیۃ علماء ہند کے علاوہ مولانا غیور احمد قاسمی، مولانا شفیق احمد القاسمی اور مولانا وحید الزماں قاسمی شامل ہیں۔ وفد اور میٹنگ میں سنبھل سے حافظ محمد شاہد صدر جمعیۃ علماء سنبھل، مولانا عبدالغفور نائب صدر جمعیۃ علماء سنبھل، مولانا ندیم اختر جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء سنبھل، قاری ریاض الدین، مولانا کلام الدین امام و خطیب پیراماؤنٹ مسجد مرادآباد، مولانا مفتی ابوبکر ابن مفتی محمد سلمان منصورپوری، مفتی عبدالحق قاسمی، قاری نفیس، حاجی نسیم خازن جمعیۃ علماء شہر مراد آباد، مولانا عبدالجبار جویا، مولانا انس اور سلمان بھائی بھی شامل تھے۔ جو ریلیف کمیٹی تشکیل دی گئی ہے اس میں مولانا شاہد، مولانا انس، قاری یامین امروہہ، مولانا عبدالغفور، حافظ دلدار، مفتی ارباب، مولانا غیور احمد قاسمی دہلی شامل ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
[ad_2]
Source link