
کانگریس نے مطلع کیا کہ 8 اپریل 2025 کو سردار ولبھ بھائی پٹیل میموریل میں سی ڈبلیو سی کی اہم میٹنگ ہوگی۔ 9 اپریل 2025 کو کانگریس کا کنونشن ہوگا جس میں ہزاروں کارکنان، عہدیداران اور لیڈران شامل ہوں گے۔
INCIndia@
کانگریس 6 دہائی سے زیادہ وقفہ کے بعد 8 اور 9 اپریل کو گجرات کے احمد آباد میں اپنا نیشنل کنونشن کرنے جا رہی ہے۔ اس کنونشن میں پارٹی مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے پر تبادلہ خیال کرے گی۔ کانگریس کمیٹی کے کنونشن کا مقصد اپنی ضلع کمیٹیوں کو تنظیم کا مرکزی نکتہ بنا کر خود کو مضبوط کرنا ہے۔ اس کا مقصد بی جے پی کے خلاف لڑائی میں پارٹی کے نظریات کو اپنا مرکز بنانا بھی ہے۔
گجرات میں کانگریس کا آخری کنونشن 1961 میں بھاؤ نگر میں ہوا تھا۔ اس سے قبل سورت ضلع میں 1938 میں نیتاجی سبھاش چندر بوس کی صدارت میں ہوئے ہری پورہ کنونشن میں مکمل آزادی کا بگل پھونکتے ہوئے قرارداد پاس کیا گیا جس نے ایک تاریخ رقم کی تھی۔ طویل عرصہ بعد اب کانگریس 8 اپریل کو سی ڈبلیو سی کی اعلیٰ پالیسی ساز ادارہ شاہی باغ کے تاریخی سردار اسمارک پر صبح میٹنگ کر کے گی۔ پھر اس کے اگلے دن، یعنی 9 اپریل کو نیشنل کنونشن سابرمتی ندی کے کنارے ہوگا۔ اس میں ملک بھر سے آئے 3000 سے زائد نمائندوں کے شامل ہونے کی امید ہے۔
کانگریس نے اپنے اس نیشنل کنونشن کے بارے میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر کچھ اہم جانکاریاں دی ہیں۔ کانگریس نے اس پوسٹ مجیں لکھا ہے کہ ’’کانگریس کی 140 سال قدیم تاریخ قربانی، عزم، خود سپردگی، جدوجہد اور وطن سے محبت کی ایک مثال ہے۔ تحریک آزادی سے لے کر جدید ملک کی تعمیر میں ہماری نظریاتی قوت، عزائم اور دور اندیشی کے ساتھ ہی کانگریس کے تاریخی کنونشن کا اہم کردار رہا ہے۔‘‘ اس پوسٹ میں مزید لکھا گیا ہے کہ ’’کانگریس نے ہر مشکل وقت میں آگے آ کر ملک کو نئی سمت دی ہے اور کروڑوں ہندوستانیوں کی عزت و وقار کی حفاظت کرنے کا کام کیا ہے۔ آج ہمارا ملک مہنگائی، بے روزگاری، معاشی عدم مساوات، نفرت اور معاشی بحران سے نبرد آزما ہے۔ ایسے میں ایک بار پھر کانگریس اپنی ذمہ داری نبھانے کو تیار ہے۔‘‘
کانگریس کا کہنا ہے کہ کانگریس صدر کے طور پر مہاتما گاندھی کے 100ویں یومِ پیدائش اور سردار پٹیل کے 150ویں یومِ پیدائش کے موقع پر ہو رہا یہ کنونشن اپنے آپ میں بے حد خاص ہے۔ اس کنونشن میں ملک کے موجودہ چیلنجز پر تبادلہ خیال ہوگا اور اس کے مطابق کانگریس ملک اور عوام کی بہتری کے لیے کام کرے گی۔ کانگریس کے مطابق ’’ایک مضبوط تنظیم کی سرپرستی میں ہم ملک میں پھیلی سیاسی، سماجی و معاشی نابرابری کا پرزور طریقے سے مقابلے کر پائیں گے۔ جب کانگریس مضبوط ہوگی، تبھی ملک مضبوط ہوگا۔‘‘