
آج کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے بنگلہ دیش کو 5 وکٹ سے شکست دے دی۔ اس کے ساتھ ہی گروپ ’اے‘ سے ہندوستان و نیوزی لینڈ کی ٹیمیں سیمی فائنل میں پہنچ گئی ہیں اور پاکستان و بنگلہ دیش کا سفر ختم ہو گیا ہے۔
پلیئر آف دی میچ مائیکل بریسویل، تصویر @ICC
پلیئر آف دی میچ مائیکل بریسویل، تصویر@ICC
آج ’چمپئنز ٹرافی 2025‘ کا چھٹا میچ نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش کے درمیان راولپنڈی میں کھیلا گیا۔ یہ دونوں ہی ٹیمیں گروپ ’اے‘ میں ہندوستان اور پاکستان کے ساتھ شامل ہیں۔ اس مقابلے کے نتیجے نے گروپ ’اے‘ کی دونوں سیمی فائنلسٹ ٹیموں کا نام طے کر دیا ہے۔ نیوزی لینڈ نے آج بنگلہ دیش کو 5 وکٹ سے شکست دے دی، اور اس کے ساتھ ہی نیوزی لینڈ و ہندوستان کی ٹیمیں سیمی فائنل میں پہنچ گئی ہیں۔ یعنی بنگلہ دیش اور میزبان ٹیم پاکستان کی امیدیں ختم ہو چکی ہیں۔
اس میچ سے قبل میزبان پاکستان اگر-مگر والی حالت میں مبتلا تھی۔ وہ امید کر رہی تھی کہ آج بنگلہ دیش نیوزی لینڈ کو شکست دے، اور پھر بنگلہ دیش کے خلاف میچ میں پاکستان خود بڑی جیت حاصل کر سیمی فائنل میں قدم رکھے۔ لیکن نیوزی لینڈ نے پاکستان کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔ نیوزی لینڈ اور ہندوستان دونوں ہی اپنے دونوں شروعاتی میچ جیت کر 4-4 پوائنٹس کے ساتھ سیمی فائنل میں پہنچ گئے ہیں۔ دوسری طرف پاکستان اور بنگلہ دیش نے 2-2 میچوں میں کوئی بھی جیت حاصل نہیں کی ہے، اس لیے ان دونوں کے پوائنٹس صفر ہیں۔ اس سے ظاہر ہے کہ پاکستان و بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ و ہندوستان کے میچوں کی اب کوئی خاص اہمیت نہیں رہ گئی ہے۔
بہرحال، آج نیوزی لینڈ و بنگلہ دیش کے درمیان میچ شروع ہونے سے قبل ٹاس نیوزی لینڈ نے جیتا تھا اور گیندبازی کا فیصلہ کیا۔ بنگلہ دیش کی ٹیم 50 اوورس میں 9 وکٹ کے نقصان پر 236 رن بنانے میں کامیاب ہوئی۔ اس دوران نجم الحسین شانتو نے سب سے زیادہ 77 رن بنائے۔ ان کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی نصف سنچری نہیں بنا سکا۔ نیوزی لینڈ کی طرف سے مائیکل بریسویل نے خطرناک گیندبازی کی۔ انھوں نے 10 اوورس میں محض 26 رن دے کر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اس کارکردگی کے لیے انھیں پلیئر آف دی میچ کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔ وِل او رورکے نے 2 کھلاڑیوں کو، جبکہ میٹ ہنری اور کائل جیمیسن نے 1-1 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
237 رنوں کے ہدف کا پیچھا کرنے اتری نیوزی لینڈ ٹیم کی شروعات بھی کچھ خاص نہیں رہی۔ انھوں نے 72 رنوں پر ہی 3 وکٹ گنوا دیے۔ لیکن اس کے بعد رچن رویندر (112 رن) نے کمال کی بلے بازی کی اور سنچری بنا ڈالی۔ وہ آخر میں آؤٹ ضرور ہو گئے، لیکن تب تک وہ اپنی ٹیم کی جیت کو یقینی بنا چکے تھے۔ ٹام لیتھم (55 رن) نے بھی شاندار نصف سنچری بنائی۔ نیوزی لینڈ نے 237 رنوں کا ہدف 46.1 اوورس میں 5 وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ بنگلہ دیش کی طرف سے تسکین احمد، ناہد رانا، مستفیض الرحمن اور رشاد حسین نے 1-1 وکٹ لیے۔ ایک وکٹ رَن آؤٹ کی شکل میں گرا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔