نئی دہلی سے کانگریس امیدوار سندیپ دیکشت نے پریس کانفرنس میں کہا کہ وہ وزیر اعلیٰ آتشی اور راجیہ سبھا رکن سنجے سنگھ کے خلاف مجرمانہ ہتک عزتی کا مقدمہ داخل کر 10 کروڑ روپے کا مطالبہ کریں گے۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے کانگریس لیڈر سندیپ دیکشت، تصویر ویپن/قومی آواز
نئی دہلی اسمبلی حلقہ سے کانگریس امیدوار سندیپ دیکشت نے آج جانکاری دی کہ وہ دہلی کی وزیر اعلیٰ آتشی اور عآپ سے راجیہ سبھا رکن سنجے سنگھ کے خلاف مجرمانہ ہتک عزتی کا مقدمہ داخل کرنے والے ہیں۔ یہ اطلاع انھوں نے ایک پریس کانفرنس میں دی اور ساتھ ہی کہا کہ وہ 10 کروڑ روپے کا مطالبہ بھی کریں گے جسے عطیہ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ سندیپ دیکشت کا کہنا ہے کہ 10 کروڑ میں سے وہ 5 کروڑ روپے جمنا کی صفائی کے لیے اور 5 کروڑ روپے آلودگی کے مسئلہ سے نمٹنے کے لیے عطیہ کریں گے۔
مجرمانہ ہتک عزتی کا مقدمہ کرنے کے لیے انھوں نے وزیر اعلیٰ آتشی کے اس بیان کو ذمہ دار بتایا ہے جس میں انھوں نے کہا تھا کہ ’سندیپ دیکشت نے بی جے پی سے خطیر رقم لی ہے‘۔ کانگریس لیڈر کا کہنا ہے کہ منموہن سنگھ کا انتقال ہو جانے کی وجہ سے وہ پریس کانفرنس نہیں کر پائے، لیکن اس کے بعد اب ہتک عزتی کا مقدمہ داخل کرنے کی سمت میں قدم بڑھائیں گے۔ وہ کہتے ہیں کہ ’’6-5 دن پہلے دہلی کی وزیر اعلیٰ آتشی نے کہا تھا کہ میں بی جے پی سے بڑی رقم لے رہا ہوں۔ گزشتہ 12-10 سالوں سے انھوں نے کانگریس، مجھے اور میرے کنبہ کو نشانہ بنایا ہے۔ میرے پاس گزشتہ 12-10 سال سے عآپ سے پوچھنے کے لیے کئی سوال ہیں۔‘‘
سندیپ دیکشت کا کہنا ہے کہ اروند کیجریوال پہلے شیلا دیکشت حکومت کے خلاف 360 صفحات کے ثبوت لے کر گھومتے تھے۔ بی جے پی کے وجئے کمار ملہوترا نے مجھے بتایا کہ کیجریوال کے وزیر اعلیٰ بننے کے بعد بی جے پی کا ایک نمائندہ وفد ان سے ملا اور ثبوت مانگے۔ کیجریوال نے اس پر 360 اخبارات کا تراشہ دکھایا۔ وہ پہلے شخص ہیں جو ثبوت کے طور پر اخبار کا تراشہ پیش کرتے ہیں۔ سندیپ مزید کہتے ہیں کہ جس دن وزیر اعلیٰ آتشی نے کہا کہ ہم بی جے پی سے پیسے لے رہے ہیں، اسی دن سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ کا انتقال ہو گیا، اس لیے ہم پریس کانفرنس نہیں کر سکے۔ پھر وہ کہتے ہیں کہ ’’اس پریس کانفرنس کے بعد میں وزیر اعلیٰ آتشی اور سنجے سنگھ کے خلاف مجرمانہ اور دیوانی ہتک عزتی کا مقدمہ دائر کروں گا۔ میں ان سے کہوں گا کہ وہ مجھے 10 کروڑ روپے دیں۔ میں اس میں جمنا کی صفائی کے لیے 5 کروڑ روپے اور دہلی میں آلودگی سے نمٹنے کے لیے 5 کروڑ روپے عطیہ کروں گا۔‘‘
واضح رہے کہ کچھ دنوں قبل آتشی اور سنجے سنگھ نے ایک پریس کانفرنس کر سندیپ دیکشت پر سنگین الزام عائد کیا تھا۔ پریس کانفرنس میں آتشی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا تھا کہ کانگریس امیدواروں کے انتخاب کا خرچ بی جے پی دے رہی ہے۔ اس میں انھوں نے خاص طور سے سندیپ دیکشت کا نام لیا تھا اور کہا تھا کہ بی جے پی انھیں بھی فنڈ دے رہی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ سندیپ دیکشت نے اب ان دونوں عآپ لیڈران کے خلاف ہتک عزتی کا مقدمہ دائر کرنے کی سمت میں قدم بڑھا دیا ہے۔ اتنا ہی نہیں، انھوں نے عآپ کے ذریعہ کانگریس اور سابق وزیر اعلیٰ آنجہانی شیلا دیکشت پر عائد کیے گئے الزامات پر الگ سے پریس کانفرنس کرنے کی بات بھی کہی ہے۔ پریس کانفرنس میں انھوں نے کہا کہ ’’گزشتہ 12-10 سالوں سے جس طرح سے انھوں نے مستقل مجھ پر، کانگریس پر اور میری والدہ پر ایک ایک کر حملے کیے تھے، وہ مجھے یاد آ رہے ہیں۔ بدعنوانی کو لے کر کچھ سوال اٹھانا چاہتا ہوں اور 13-12 سالوں سے میں جن سوالات کے جواب پوچھ رہا ہوں، یا تو عآپ ان کے جواب دے یا پھر سوالوں کو پوچھنا بند کریں۔‘‘
سندیپ دیکشت نے کہا کہ ’’میں نے دیکھا ہے کیجریوال حکومت 10 سال بعد اپنا حساب کتاب دے رہی ہے۔ کچھ انٹرویو دے رہے ہیں اور کچھ مقامات پر بیانات دیتے ہیں۔ انھوں نے کئی اعداد و شمار عوام میں پھینکنے شروع کر دیے ہیں۔ انھوں نے 10 سالوں میں کتنی ترقی کی ہے، انہی کے اعداد و شمار کو میں آپ کے سامنے پیش کرتا ہوں۔ انھوں نے سی اے جی کی رپورٹ ابھی تک اسمبلی میں نہیں دی ہے۔ کچھ لوگوں نے مجھے اس کے کچھ حصے دکھائے ہیں۔ ان حصوں پر ہم بات میں پریس کانفرنس کریں گے۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔