انڈیا سیمنٹ لمیٹیڈ فیکٹری میں حادثہ پیش آیا۔ فیکٹری بانسواڑہ شہر سے 30 کیلو میٹر کی دوری پر جھالوں کا گڑھا گاؤں میں واقع ہے۔ حادثہ کے بعد علاقے میں دہشت۔ درجنوں پولس اہلکار موقع پر موجود ہیں۔
دھماکہ، علامتی تصویر آئی اے این ایس
راجستھان کے بانسواڑہ میں ایک سیمنٹ فیکٹری میں دھماکہ ہونے کی اطلاع ہے۔ اس حادثے میں ابھی تک 2 مزدوروں کے جھلس کر زخمی ہونے کی خبر سامنے آئی ہے۔ دھماکہ کی وجہ رساؤ بتائی جا رہی ہے۔ دھماکہ کے بعد فیکٹری میں آگ لگئی۔ بتایا جاتا ہے کہ اس دھماکے کی آواز کئی کیلومیٹر تک سنی گئی اور اس دوران دھواں 5 کیلومیٹر تک نظر آ رہا تھا۔ اس حادثہ کے بعد علاقے میں دہشت کا ماحول پیدا ہو گیا۔
یہ دھماکہ انڈیا سیمنٹ لمیٹیڈ فیکٹری میں ہفتہ کی صبح میں ہوا۔ یہ فیکٹری بانسواڑہ شہر سے 30 کیلو میٹر کی دوری پر جھالوں کا گڑھا گاؤں میں ہے۔ یہاں کے ٹینک میں کوئلہ ڈالنے کے دوران یہ دھماکہ ہوا۔ فیکٹری میں دھماکہ کے بعد وہاں افرا تفری مچ گئی اور آگ کی لپیٹ میں آ کر دو لوگ جھلس گئے، جنہیں علاج کے لیے نجی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ زخمیوں کی شناخت کٹمبی گاؤں باشندہ مزدور ایشور لال ولد ناتھ جی اور نوکھلا گاؤں باشندہ دلیپ ولد بھارتا کے طور پر کی گئی ہے۔ فیکٹری انتظامیہ کے مطابق دونوں مزدوروں کی حالت اب خطرے سے باہر ہے۔
دھماکہ کی اطلاع ملنے کے بعد 3 تھانوں کے 70 سے زیادہ پولیس جوان، ایمبولنس اور فائر بریگیڈ کی گاڑی موقع پر پہنچ گئی۔ فی الحال پولیس اور انتظامیہ کے افسر حادثے کی جانچ میں لگے ہوئے ہیں۔ سی آئی روہت کمار سنگھ نے بتایا کہ موقع پر تین درجن سے زیادہ جوان تعینات کر دیے گئے ہیں۔ زخمیوں اور حادثہ کو لے کر انتظامیہ کے دوران بات چیت کا سلسلہ جاری ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔