پولیس انکاؤنٹر میں ہلاک ہونے والے تینوں دہشت گردوں کی پہچان گروندر سنگھ، ویریندر سنگھ اور جسنپریت سنگھ کے طور پر ہوئی ہے۔ تینوں پر پنجاب کے گرداس پور میں پولیس چوکی پر گرینیڈ پھینکنے کا الزام تھا۔
اترپردیش اور پنجاب پولیس کی مشترکہ ٹیم اور 3 خالصتانی دہشت گردوں کے درمیان آج صبح اترپردیش کے پیلی بھیت میں زبردست تصادم پیش آیا۔ پولیس نے پہلے ان کو گرفتار کرنے کی کوشش کی لیکن ان لوگوں نے پولیس پر فائرنگ شروع کر دی۔ نتیجتاً پولیس نے بھی جوابی فائرنگ کی جس میں تینوں کی موت ہو گئی۔ ان کے پاس سے پولیس نے اے کے سیریز کی 2 رائفل اور گلاک پستول برآمد کی۔ پولیس انکاؤنٹر میں ہلاک ہونے والے تینوں دہشت گردوں کی پہچان گروندر سنگھ، ویریندر سنگھ اور جسنپریت سنگھ کے طور پر ہوئی ہے۔ واضح ہو کہ ان تینوں پر پنجاب کے گرداس پور میں پولیس چوکی پر گرینیڈ پھینکنے کا الزام عائد تھا۔
پنجاب پولیس نے انکاؤنٹر کے بعد اس سے متعلق جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ ’’تینوں پاکستان کی سرپرستی میں چلنے والے ماڈیول ’خالصتان زندہ باد فورس‘ کے ارکان تھے۔‘‘ پنجاب کے ڈی جے پی گورو یادو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ کیا، جس میں انہوں نے لکھا کہ ’’یہ دہشت گرڈ ماڈیول پنجاب کے سرحدی علاقوں میں پولیس اداروں پر گرینیڈ حملوں میں شامل ہے۔ تصادم پیلی بھیت اور پنجاب کی مشترکہ پولیس ٹیموں کے درمیان پیلی بھیت کے تھانہ پورن پور کے دائرہ اختیار میں ہوا ہے۔ ماڈیول کے تینوں ارکان گرداس پور میں ایک پولیس چوکی پر گرینیڈ حملے میں شامل ہیں۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے آگے کہا کہ ’’پورے دہشت گردی ماڈیول کا خلاصہ کرنے کے لیے تفتیش جاری ہے۔‘‘
انکاؤنٹر کے بارے میں بات کرتے ہوئے پولیس افسر نے بتایا کہ ’’آج صبح گرداس پور پولیس نے یوپی کے تھانہ پورن پور میں اطلاع دی کہ ان کے علاقہ میں 3 خالصتانی دہشت گرد چھپے ہوئے ہیں۔ اس کے بعد پورے علاقے میں ناکہ بندی کرنے کے ساتھ ساتھ چیکنگ شروع کر دی گئی۔ اسی درمیان پورن پور تھانہ کے کمریا پوائنٹ پر تعینات پولیس افسر نے جانکاری دی کہ یہاں پر 3 نوجوان ایک بائک پر سوار ہو کر جا رہے ہیں، ان کے پاس کچھ مشتبہ سامان بھی ہیں۔‘‘ پولیس نے مزید کہا کہ ’’اس کے بعد پنجاب پولیس اور یوپی پولیس نے ان کا تعاقب کرنا شروع کر دیا۔ راستہ میں پیلی بھیت اور پورن پور کے درمیان ایک پُل پڑتا ہے، وہاں سے ان تینوں نے نہر پٹری پر اترنے کے ساتھ ہی پولیس پر فائرنگ شروع کر دی۔ اس کے بعد پولیس کی جانب سے جوابی کارروائی کی گئی اور حملے میں تینوں دہشت گرد زخمی ہو گئے۔ انہیں اسپتال میں داخل کریا گیا جہاں ان کی موت ہو گئی۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ خالصتانی دہشت گردوں کے نشانے پر پنجاب کے کئی تھانے ہیں۔ پنجاب میں تھانوں پر حملے میں ’ببّر خالصہ انٹرنیشنل‘ کے دہشت گرد ہیپّی پینسیا اور جیون فوجی ملوث ہو سکتے ہیں۔ این آئی اے نے کچھ روز قبل پنجاب پولیس کو دی گئی اپنی اسٹیٹس رپورٹ میں تھانوں پر حملے کے حوالے سے آگاہ کیا تھا۔ یہ رپورٹ خالصتانی دہشت گردوں، ان کی اوور گراؤنڈ کارکنوں سے پوچھ تاچھ اور چھاپے میں برآمد ڈیجیٹل شواہد کی بنیاد پر تیار کی گئی تھی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔