
[ad_1]
رام گوپال یادو نے بی جے پی کے وجے سنہا کے بیان پر شدید ردعمل دیا، جنہوں نے قانون توڑنے والوں کو ’غدار‘ کہا تھا۔ یادو نے کہا کہ یہ لب و لہجہ عوامی نمائندوں کو زیب نہیں دیتا

سماج وادی پارٹی کے قومی جنرل سیکریٹری اور راجیہ سبھا رکن رام گوپال یادو اتوار (6 اپریل) کو ایک اسپتال کے افتتاح کے سلسلے میں فیروزآباد پہنچے۔ افتتاح کے بعد نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے وقف ترمیمی بل کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ وقف بورڈ آئینی ہے۔ سپریم کورٹ میں اس بل میں کی گئی ترامیم کو چیلنج کیا جائے گا جس کے بعد اسے کالعدم قرار دے دیا جائے گا۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ابھی تو سب خوش ہو رہے ہیں، لیکن یہ بل مندر، مسجد اور گرودوارا سب کے لیے مہلک ہے۔ کلکٹر جب چاہے گا تب زمین کو ’نزول کی اراضی‘ قرار دے کر اس پر قبضہ کر لے گا۔
کرنی سینا کے 12 اپریل کو آگرہ میں احتجاج کے بیان پر ایس پی لیڈر نے کہا کہ کرنی سینا کے قومی صدر گوگا میڈی کو ان کے گھر کے اندر قتل کر دیا گیا تھا تب بھی وہ کچھ نہیں کر پائے۔ انہوں نے آگرہ میں دلتوں کی تعداد اور اکثریت پر کہا کہ آگرہ میں کرنی سینا کچھ نہیں کر پائے گی۔ مغربی بنگال حکومت کے ذریعہ رام نومی پر شوبھا یاترا پر روک لگائے جانے کے سوال پر کہا کہ وہاں کوئی روک نہیں ہے، سوشل میڈیا ان کی حکومت کو بدنام کرنے میں لگی ہوئی ہے۔ ٹی ایم سی اراکین پارلیمنٹ سے میری روزانہ بات ہوتی ہے، ایسا کچھ نہیں ہے۔
وزیر داخلہ امت شاہ کے نکسل ازم اور ماؤ ازم کو جلد ختم کرنے والے بیان پر رام گوپال یادو نے کہا کہ ماؤ ازم ختم ہونا اچھی بات ہے تمام لوگ یہی چاہتے ہیں۔ لیکن حکومت کو یہ دیکھنا چاہیے کہ ماؤ نوازوں کے ساتھ کئی بے گناہ لوگ بھی مارے جاتے ہیں۔ بہار کے بی جے پی لیڈر کے ذریعہ وقف بل کی مخالفت کرنے والوں کو غدار کہے جانے کے بیان پر انہوں نے نام لیے بغیر کہا کہ ’’یہ لوگ سڑک چھاپ غنڈوں کی طرح بات کرتے ہیں۔ ان کے بارے میں کیا بات کرنا ہے۔‘‘ واضح ہو کہ بہار کے نائب وزیر اعلیٰ اور بی جے پی لیڈر وجے کمار سنہا نے وقف ترمیمی بل کی مخالفت کرنے والوں کے بارے میں کہا تھا کہ ’’ یہ پاکستان نہیں، یہ ہندوستان ہے۔ یہ نریندر مودی کی حکومت ہے۔ جو کوئی قانون کی پاسداری نہیں کرے گا وہ غدار ہے۔‘‘
بہار اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور آر جے ڈی رہنما تیجسوی یادو کے وقف بل پر دیے بیان کی حمایت کرتے ہوئے رام گوپال یادو نے کہا کہ ان کا بیان درست ہے، یہ بل غیر آئینی ہے۔ واضح ہو کہ تیجسوی یادو نے وقف ترمیمی بل کے حوالے سے کہا تھا کہ ’’ریاست میں ہماری حکومت آئی تو وقف ترمیمی بل کو کچرے میں ڈال دیں گے۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ یہ حکومت آئین مخالف حکومت ہے، حکومت آئین کو ختم کر رہی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
[ad_2]
Source link