
[ad_1]
رمضان المبارک کا مہینہ ختم ہونے والا ہے، اور اس سے عین قبل مشہور و معروف شاعر عمران پرتاپ گڑھی نے اپنی رہائش پر ایک افطار پارٹی کا اہتمام کیا۔ کانگریس رکن پارلیمنٹ اور کانگریس اقلیتی شعبہ کے قومی چیئرمین عمران پرتاپ گڑھی کی اس افطار پارٹی میں انڈیا اتحاد کے کچھ سرکردہ لیڈران نے شرکت کی اور یہ اقلیتی طبقہ کے ساتھ ساتھ پورے ملک کو ایک مثبت پیغام دینے والا قرار دیا جا رہا ہے۔
اس افطار میں کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے اور سابق صدر راہل گاندھی کی شرکت بھی ہوئی۔ کانگریس کے ان سرکردہ لیڈران کی افطار پارٹی میں شرکت نے اقلیتی طبقہ میں اعتماد اور بھروسہ کو مضبوط بنایا، خاص طور سے ایسے وقت میں جب ملک بھر میں اقلیتی طبقہ کے خلاف زہر انگیزی ہو رہی ہے اور انھیں تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ جب کھڑگے اور راہل افطار پارٹی میں پہنچے تو عمران پرتاپ گڑھی نے دونوں کا مخلصانہ استقبال کیا۔ کھڑگے اور راہل کی آمد پر میڈیا والوں کی بھیڑ بھی دیکھنے کو ملی، حالانکہ بغیر کوئی بیان دیے دونوں لیڈران رہائش کے اندر داخل ہو گئے۔
عمران پرتاپ گڑھی کی اس افطار پارٹی کی کچھ تصویریں سوشل میڈیا پر سامنے آئیں ہیں، جن میں دیکھا جا سکتا ہے کہ انڈیا اتحاد میں شامل پارٹیوں کے کچھ سرکردہ لیڈران ایک ساتھ بیٹھے ہوئے ہیں۔ ان میں سماجوادی پارٹی رکن پارلیمنٹ دھرمیندر یادو، عآپ رکن پارلیمنٹ سنجے سنگھ، ٹی ایم سی رکن پارلیمنٹ مہوا موئترا وغیرہ قابل ذکر ہیں۔ کانگریس رکن پارلیمنٹ طارق انور بھی اس تقریب میں شریک نظر آئے۔ تصویروں میں دیکھا جا سکتا ہے کہ راہل گاندھی کے بائیں طرف کھڑگے اور دائیں طرف دھرمیندر یادو بیٹھے ہوئے ہیں۔ دھرمیندر یادو کے دائیں طرف سنجے سنگھ کو بھی بیٹھے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ کھڑگے کے بائیں طرف کے سی وینوگوپال اور ان کے بائیں طرف میزبان عمران پرتاپ گڑھی بیٹھے ہیں۔
[ad_2]
Source link