حادثہ تربیتی پرواز کے دوران پیش آیا، جس کے سبب دھرو ہیلی کاپٹر میں آگ لگ گئی۔ کوسٹ گارڈ کے مطابق ہیلی کاپٹر میں 2 پائلٹ اور ایک جوان سوار تھے
تصویر سوشل میڈیا
گجرات کے پوربندر ایئرپورٹ پر کوسٹ گارڈ کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا۔ پوربندر کے ڈی ایم ایس ڈی دھنانی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس حادثے میں تین افراد کی موت ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ کی جگہ پر ریسکیو آپریشن ختم ہو چکا ہے۔ حادثے کے فوراً بعد فائر بریگیڈ اور میڈیکل کی ٹیم موقع پر پہنچی تھی۔
نیوز ایجنسی اے این آئی کی رپورٹ کے مطابق ہندوستانی بحریہ نے بتایا کہ کوسٹ گارڈ کا اے ایل ایچ دھرو ہیلی کاپٹر معمول کی تربیتی پرواز کے دوران گجرات کے پوربندر میں حادثہ کا شکار ہو گیا۔ زمین سے ٹکراتے ہی ہیلی کاپٹر میں آگ لگ گئی اور دھواں نکلنے لگا۔ اس واقعے کے بارے میں کوسٹ گارڈ نے بتایا کہ ہیلی کاپٹر میں دو پائلٹ سمیت تین جوان سوار تھے اور تینوں کی جان چلی گئی۔
اے ایل ایچ دھرو ہندوستان ایروناٹکس لمیٹڈ (ایچ اے ایل) کی جانب سے بنایا گیا دو انجن والا ہیلی کاپٹر ہے۔ اسے فوج اور سیلاب جیسی ایمرجنسی ضروریات کو پورا کرنے کے مقصد سے ڈیزائن کیا گیا تھا۔ یہ 2002 سے سروس میں ہے۔ یہ ہیلی کاپٹر تلاش اور بچاؤ، نقل و حمل، اینٹی سبمرین جنگ سمیت کئی قسم کی مہمات میں کارآمد ثابت ہوتا ہے۔
فوج، بحریہ اور فضائیہ سمیت ہندوستانی مسلح افواج نے ہیلی کاپٹر دھرو کو مختلف کرداروں کے لیے بڑے پیمانے پر تعینات کیا ہے۔ اسے نیپال، موریشس اور مالدیپ سمیت کئی ممالک کو برآمد بھی کیا گیا ہے۔ ہیلی کاپٹر کا مضبوط ڈیزائن اور مخالف موسم میں کام کرنے کی صلاحیت اسے ہندوستان کے دفاع اور ایمرجنسی خدمات کے لیے ایک اہم اثاثہ بناتی ہے۔
اس سے پہلے 2 ستمبر 2024 کو پوربندر ساحل کے قریب عرب سمندر میں انڈین کوسٹ گارڈ کا ایڈوانس لائٹ ہیلی کاپٹر گر گیا تھا۔ اس حادثے کے بعد 4 میں سے ایک کرو ممبر کو بچا لیا گیا تھا۔ اسی طرح 26 مارچ 2023 کو کیرالہ کے کوچین انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب انڈین کوسٹ گارڈ کے ایڈوانس لائٹ ہیلی کاپٹر دھرو مارک 3 کی ٹیسٹ کے دوران ایمرجنسی لینڈنگ کروانا پڑی تھی۔ اس حادثے میں ایک ٹرینی پائلٹ کا ہاتھ ٹوٹ گیا تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔