فیض احمد قدوائی 1996 بیچ کے مدھیہ پردیش کیڈر سے آئی اے ایس افسر ہیں، فی الحال وہ زراعت و کسان فلاح محکمہ میں ایڈیشنل سکریٹری کے عہدہ پر ذمہ داری انجام دے رہے ہیں۔
مرکزی حکومت نے 3 جنوری کو نوکرشاہی میں اعلیٰ سطح پر بڑی تبدیلی کا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔ مرکز نے سینئر آئی اے ایس افسر فیض احمد قدوائی کو ڈی جی سی اے (ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایویشن) یعنی شہری ہوابازی کے ڈائریکٹوریٹ جنرل کا چیف مقرر کیا ہے۔ اتنا ہی نہیں، وزارت داخلہ میں ایڈیشنل سکریٹری آشوگوش اگنی ہوتری کو ایف سی آئی (فوڈ کارپوریشن آف انڈیا) کا سربراہ اور منیجنگ ڈائریکٹر بنایا گیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ فیض احمد قدوائی 1996 بیچ کے مدھیہ پردیش کیڈر سے آئی اے ایس افسر ہیں۔ فی الحال وہ زراعت و کسان فلاح محکمہ میں ایڈیشنل سکریٹری کے عہدہ پر فائز ہیں۔ اب انھیں ڈی جی سی اے میں ڈائریکٹر جنرل کی شکل میں، یعنی کہ حکومت ہند کے ایڈیشنل سکریٹری عہدہ کے یکساں تنخواہ اور رینک پر مقرر کیا گیا ہے۔ اس تقرری کے تحت متعلقہ عہدہ کے بھرتی اصولوں کو معطل کیا گیا ہے، جیسا کہ وزارت برائے پرسونل کے ذریعہ جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے۔
دوسری طرف وزارت داخلہ میں ایڈیشنل سکریٹری آشوتوش اگنی ہوتری کو ایف سی آئی کا منیجنگ ڈائریکٹر مقرر کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں سینئر نوکرشاہ آکاش ترپاٹھی کو وزارت بجلی میں ایڈیشنل سکریٹری کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ ترپاٹھی ابھی وزارت برائے الیکٹرانکس و انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ’MyGoV‘ کے چیف ایگزیکٹیو افسر کی شکل میں کام کر رہے ہیں۔
مذکورہ بالا افسران کے علاوہ بھی کچھ اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔ وزارت محنت کے ایڈیشنل سکریٹری کمل کشور سون اب محکمہ آب و صفائی کے تحت ’جل جیون مشن‘ میں ایڈیشنل سکریٹری اور مشن کے ڈائریکٹر ہوں گے۔ شبھا ٹھاکر، جو محکمہ زراعت و کسان فلاح میں ایڈیشنل سکریٹری کی شکل میں کام کر رہی تھیں، انھیں اب وزارت داخلہ کے انٹر اسٹیٹ کونسل سکریٹریٹ میں ایڈیشنل سکریٹری کی شکل میں مقرر کیا گیا ہے۔ ان کے علاوہ کابینہ کی تقرری کمیٹی (اے سی سی) نے سینئر آئی اے ایس افسر ونئے کمار، جو اس وقت وزارت برائے سڑک ٹرانسپورٹیشن و شاہراہ میں جوائنٹ سکریٹری کے عہدہ پر فائز ہیں، کو پروموشن دیتے ہوئے انھیں اسی وزارت میں ایڈیشنل سکریٹری کی شکل میں تقرری دی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔