ایک طرف ڈلیوال نے لوگوں سے کھنوری بارڈر پر جمع ہونے کی اپیل کی ہے، دوسری طرف شمبھو اور کھنوری بارڈر پر تحریک کر رہے سنیوکت کسان مورچہ غیر سیاسی اور کسان مزدور مورچہ کے کوآرڈرنیٹر کسان لیڈر سرون سنگھ پنڈھیر ہائی پاور کمیٹی سے بات چیت کرنے نہیں پہنچے۔ انھوں نے خود اس بات کی جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ ’’آج سپریم کورٹ کے ذریعہ تشکیل ہائی پاور کمیٹی سے بات چیت کرنے کے لیے ہم نہیں جا رہے، کیونکہ ہم پہلے ہی صاف کر چکے ہیں کہ یہ معاملہ عدالتوں کا نہیں ہے۔‘‘ پنڈھیر نے مزید کہا کہ ’’ہمارا مطالبہ مرکزی حکومت سے ہے، مرکزی حکومت ہم سے بات چیت کرے۔‘‘ ساتھ ہی انھوں نے دعویٰ کیا کہ کسان تحریک میں پھوٹ ڈالنے کے لیے آج کی میٹنگ بلائی گئی ہے، جبکہ یہ کمیٹی پہلے ہی اپنی سفارشات سپریم کورٹ میں رکھ چکی ہے۔ اس کمیٹی کی جو شرائط و ضوابط ہیں، اس کے سبب ہم اس میٹنگ میں شامل نہیں ہوں گے۔