بی زیڈ گروپ نے سرمایہ کاروں کو بینک سے زیادہ شرح سود دینے کا وعدہ کیا تھا، لیکن جب ایسا نہیں ہوا تو سرمایہ کاروں نے معاملے کی شکایت پولیس میں کی ہے۔
بارڈر-گواسکر ٹرافی کے چوتھے ٹیسٹ میچ سے ڈراپ کیے جانے کے بعد شبھمن گل پانچویں ٹیسٹ میں کھیلیں گے یا نہیں، یہ ابھی فائنل ہونا باقی ہے اور اس سے عین قبل ان کے لیے ایک بری خبر سامنے آئی ہے۔ ایک میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شبھمن گل 450 کروڑ روپے کے ایک گھوٹالہ معاملے میں پھنس گئے ہیں۔ جو خبریں سامنے آ رہی ہیں اس میں کہا گیا ہے کہ شبھمن سمیت گجرات ٹائٹنس کے کئی دیگر کھلاڑی بھی اس گھوٹالہ میں پھنس رہے ہیں۔
’احمد آباد مرر‘ نے اس سلسلے میں ایک رپورٹ شائع کی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ شبھمن گل کے ساتھ ساتھ سائی سدرشن، راہل تیوتیا اور موہت شرما ایسے نام ہیں جو 450 کروڑ روپے گھوٹالہ معاملہ میں پھنستے دکھائی دے رہے ہیں۔ یہ گھوٹالہ گجرات کی کمپنی ’بی زیڈ گروپ‘ سے جڑا ہوا ہے۔ اس معاملے میں گجرات کرائم تحقیقات محکمہ یعنی سی آئی ڈی کی طرف سے متعلقہ کرکٹرس کو سمن بھی بھیج دیا گیا ہے۔
دراصل بی زیڈ گروپ نے سرمایہ کاروں کو بینک سے زیادہ شرح سود دینے کا وعدہ کیا تھا۔ جب ایسا نہیں ہوا تو سرمایہ کاروں نے معاملے کی شکایت پولیس میں کر دی۔ ’احمد آباد مرر‘ کی رپورٹ میں کہا جا رہا ہے کہ گجرات ٹائٹنس کے کھلاڑیوں نے بھی پونجی اسکیم میں پیسہ لگا رکھا ہے۔ اسی کے تعلق سے سی آئی ڈی اب ان سے پوچھ تاچھ کرے گی۔ رپورٹ کے مطابق شبھمن گل نے 1.95 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی ہے، جبکہ باقی کھلاڑیوں نے چھوٹی رقم لگائی ہے۔ چونکہ گل ابھی آسٹریلیا میں ہیں، لہٰذا سی آئی ڈی ان سے واپس لوٹنے پر پوچھ تاچھ کر سکتی ہے۔
میڈیا رپورٹ میں یہ بھی بتایا جا رہا ہے کہ گجرات سی آئی ڈی نے اس گھوٹالہ معاملے میں ایک شخص کی گرفتاری بھی کی ہے۔ اس کا نام بھوپیندر سنگھ جھالا ہے جو مہسانا ضلع سے گرفتار کیا گیا۔ بھوپیندر نے پولیس کو بتایا کہ انھوں نے اب تک گجرات ٹائٹنس کے کھلاڑیوں کے بھی سود کے پیسے نہیں دیے ہیں۔