بمراہ نے ملبورن ٹیسٹ میں 9 وکٹ حاصل کیے تھے، اس بہترین کارکردگی کے سبب رینکنگ اَپڈیٹ میں انھیں نمبر 1 ٹیسٹ گیندباز کی شکل میں اپنی پوزیشن مضبوط کرنے میں مدد ملی ہے، ان کے 907 ریٹنگ پوائنٹس ہو گئے ہیں۔
جسپریت بمراہ، تصویر@BCCI
ہندوستانی تیز گیندباز جسپریت بمراہ نے 2025 کے پہلے دن ہی تاریخ رقم کر اس سال کا آغاز بہترین انداز میں کر دیا ہے۔ بارڈر-گواسکر ٹرافی میں وہ کمال کا مظاہرہ کر رہے ہیں اور اس سیریز میں سب سے زیادہ 30 وکٹ لے چکے ہیں۔ وہ اپنی بہترین کارکردگی کے سبب گزشتہ کچھ وقت سے آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں نمبر 1 گیندباز بھی بنے ہوئے ہیں۔ آئی سی سی نے اب 2025 کی پہلی رینکنگ بھی جاری کر دی ہے جس میں بمراہ نمبر 1 مقام پر قابض ہیں ہی، ریٹنگ پوائنٹس کے تعلق سے ایک نئی تاریخ بھی رقم کر دی ہے۔
آئی سی سی کی تازہ رینکنگ کے مطابق جسپریت بمراہ کو 907 ریٹنگ پوائنٹس حاصل ہو چکے ہیں۔ یہ کسی بھی ہندوستانی گیندباز کے ذریعہ حاصل کیا گیا اب تک کا سب سے بہترین ریٹنگ پوائنٹس ہے۔ یعنی بمراہ آئی سی سی رینکنگ کی تاریخ میں سب سے زیادہ ریٹنگ پوائنٹس حاصل کرنے والے ہندوستانی گیندباز بن گئے ہیں۔ اس سے قبل آر. اشون آئی سی سی رینکنگ کی تاریخ میں سب سے زیادہ رینکنگ پوائنٹس والے ہندوستانی ٹیسٹ گیندباز تھے۔ بمراہ نے گزشتہ رینکنگ میں ہی ان کی برابری کی تھی اور اس مرتبہ پیچھے کرنے میں کامیابی حاصل کر لی۔
اشون نے دسمبر 2016 میں 904 ریٹنگ پوائنٹس تک رسائی حاصل کی تھی۔ پچھلی بار ہی ٹیسٹ رینکنگ میں بمراہ نے 904 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ نمبر 1 کی پوزیشن حاصل کی تھی۔ اب 907 ریٹنگ پوائنٹس تک رسائی کے ساتھ ہی انھوں نے نمبر 1 ٹیسٹ گیندباز کی شکل میں اپنی پوزیشن مضبوط کر لی ہے۔ دوسرے مقام پر آسٹریلیائی تیز گیندباز ہیزل ووڈ ہیں جن کے 843 ریٹنگ پوائنٹس ہیں۔ یعنی بمراہ کو فی الحال کوئی پیچھے کرتا ہوا دکھائی نہیں دے رہا ہے۔
جہاں تک جسپریت بمراہ کے ذریعہ 2024 میں کی گئی کارکردگی کا سوال ہے، گزشتہ سال بہت یادگار ثابت ہوا۔ انھوں نے 21 بین الاقوامی میچوں میں 13.76 کی اوسط سے 86 وکٹ حاصل کیے ہیں۔ ان میں 5 مرتبہ 5 یا اس سے زیادہ وکٹ حاصل کرنے کا کارنامہ انجام دیا ہے۔ انھوں نے 13 ٹیسٹ میچوں میں 71 وکٹ حاصل کیے ہیں اور بارڈر-گواسکر ٹرافی میں اب تک کھیلے گئے 4 ٹیسٹ میچوں میں ہی انھوں نے 30 وکٹ حاصل کر لیے ہیں۔ اس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ بمراہ اس وقت کس شاندار فارم سے گزر رہے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔