وہاڑی: پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے بھٹہ 519 ای بی میں اچار اینڈ مربہ یونٹ پر کارروائی کرتے ہوئے حشرات زدہ مربہ جات کی بڑی مقدار پکڑلی۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے چھاپہ مار کاروائی میں اچار اینڈ مربہ یونٹ سے 250 کلو گرام حشرات زدہ مربہ جات، 140 کلو گرام غیر معیاری اچار تلف کر دیا۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی وہاڑی کے مطابق دوران انسپکشن اچار اور مربہ جات میں مردہ مکھیاں پائی گئیں جس پر فوڈ سیفٹی ٹیم نے غیر معیاری خوراک کو موقع پر تلف کرتے ہوئے مربہ یونٹ کے مالکان کو 25 ہزار روپے جرمانہ کیا۔
ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی محمد عاصم جاوید کا کہنا ہے کہ خوراک سے وابستہ ہر کاروبار کو روزانہ کی بنیاد پر چیک کیا جارہا ہے شہریوں کو محفوظ اور صاف خوراک کی فراہمی پنجاب فوڈ اتھارٹی کی اولین ترجیح ہے۔