کراچی: پاکستانی فلم و ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ حریم فاروق نے کہا ہے کہ وہ بچپن سے ہی لیڈی ڈیانا بننا چاہتی تھیں۔
حریم فاروق نے حال ہی میں اپنے نئے ڈرامہ سیریل ‘بسمل’ کی تشہیر کے لیے ڈرامے کی کاسٹ کے ہمراہ نجی ٹی وی چینل کے مارننگ شو میں شرکت کی۔
اس دوران، شو کی میزبان نے اداکارہ سے سوال کیا کہ آپ نے نوعُمری میں اپنے پیشے سے متعلق کیا خواب دیکھا تھا؟
اس سوال کے جواب میں حریم فاروق نے کہا کہ میں لیڈی ڈیانا بننا چاہتی تھی، میں اپنے گھر والوں سے کہتی تھی کہ مجھے لگتا ہے کہ ہمارا تعلق کسی شاہی خاندان سے ہے، مجھے شاہی خاندان جیسا محسوس ہوتا تھا۔
حریم فاروق نے کہا کہ میری باتیں سُن کر میرے والدین کہتے تھے کہ آرام سے بیٹھ جاؤ، یہ لیڈی ڈیانا کے خواب چھوڑ دو، والدین کی بات سُننے کے بعد میرے اندر مدر ٹریسا بننے کی خواہش پیدا ہوئی۔
اداکارہ نے کہا کہ پھر میں نے سوچھا کہ مدر ٹریسا بننے کے لیے تو بہت محنت کرنی پڑے گی تو میں نے یہ خواب بھی دل سے نکال دیا تھا۔
اُنہوں نے کہا کہ میں نے کبھی تصور بھی نہیں کیا تھا کہ میں بڑی ہوکر اداکارہ بنوں گی لیکن ہاں! مجھے اتنا ضرور معلوم تھا کہ میں نے اپنی زندگی انجوائے کرنی ہے۔
حریم فاروق نے کہا کہ میں بچپن میں ہر ایک سے یہی سُنتی تھی کہ بڑے ہوکر ذمہ دار بننا چاہیے لیکن میں یہ سوچتی تھی کہ مجھے بڑے ہوکر اپنی زندگی کو خوب انجوائے کرنا ہے، پیسے تو آنے جانے والی چیز ہے لیکن مجھے اپنی زندگی کُھل کر جینی ہے۔
اداکارہ نے کہا کہ میرا ہر دن مُسکراہٹ اور مزاحیہ باتوں سے لطف اندوز ہوتے ہوئے گُزرتا ہے اور اگر میں کوئی دن انجوائے نہیں کرتی تو مجھے لگتا ہے کہ یہ دن بیکار تھا۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ جب ہم بڑے ہوجاتے ہیں تو ذمہ داریوں کی فکر میں اپنی زندگی سے خوشیوں کو نکال دیتے ہیں، ہمیں ہر حال میں اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرنا چاہیے۔
The post اداکارہ نہیں لیڈی ڈیانا بننا چاہتی تھی، حریم فاروق appeared first on ایکسپریس اردو.