17 نومبر کو ممبئی میں مہاوکاس اگھاڑی کے لیڈران ایک مشترکہ سیاسی جلسہ کی تیاری کر رہے ہیں۔ ساتھ ہی مہاوکاس اگھاڑی نے ریاستی عوام تک 5 گارنٹی والے کارڈ پہنچانے کے لیے ڈور ٹو ڈور مہم کی بھی تیاری کی ہے۔
مہاراشٹر اسمبلی انتخاب کے لیے تمام سیاسی پارٹیاں جنگی پیمانے پر انتخابی تشہیر کر رہی ہیں۔ ایسے میں کانگریس پارٹی کے حوالے سے ایک بڑی خبر نکل کر سامنے آ رہی ہے۔ کانگریس مہاراشٹر اسمبلی انتخاب کے آخری 5 دنوں میں اپنے تمام سرکردہ لیڈران کو انتخابی تشہیر کے لیے میدان میں اتارنے کی تیاری میں ہے۔ لوک سبھا میں حزب اختلاف کے لیڈر راہل گاندھی، کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے اور کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی سمیت کئی سینئر لیڈران مل کر مہاراشٹر میں 75 انتخابی ریلیاں اور روڈ شو کریں گے۔ ان میں سے تقریباً 20 ریلیوں اور روڈ شو میں راہل گاندھی، ملکارجن کھڑگے اور پرینکا گاندھی کی شرکت ممکن ہے۔
راہل گاندھی کی مراٹھواڑہ، مغربی مہاراشٹر اور شمالی مہاراشٹر میں 6 ریلیاں ہوں گی۔ وہیں پرینکا گاندھی 13 نومبر کو وائناڈ میں ووٹ دینے کے بعد 4 ریلیوں کو خطاب کریں گی۔ کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے تقریباً 10 ریلیوں میں شرکت کریں گے۔ کانگریس پارٹی نے ودربھ، مراٹھواڑہ اور شمالی مہاراشٹر پر زیادہ توجہ مرکوز کی ہے۔
کانگریس کے 3 سرکردہ لیڈران کے علاوہ مہاراشٹر میں سچن پائلٹ اور عمران پرتاپ گڑھی کی بھی کافی ریلیاں اور روڈ شو ہوں گی۔ مسلم اکثریتی علاقوں سمیت مہاراشٹر میں عمران پرتاپ گڑھی 20 سے زیادہ انتخابی جلسوں کو خطاب کریں گے۔ دوسری جانب نوجوان لیڈر سچن پائلٹ کے کُل 8 انتخابی جلسوں میں شرکت کی امید ہے۔ جبکہ کچھ مخصوص علاقوں میں تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی اور کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدارامیا بھی کانگریس کے حق میں ووٹ مانگیں گے۔
ان سر کردہ لیڈران کے علاوہ مہاراشٹر کے اہم کانگریس لیڈران بھی انتخابی مہم کی باگ ڈور سنبھالیں گے۔ کانگریس ریاستی صدر نانا پٹولے کی 20 اور قانون ساز پارٹی کے رہنما بالا صاحب تھوراٹ کی 15 ریلیاں طئے کی گئی ہیں۔ 17 نومبر کو ممبئی میں کانگریس، شیوسینا (یو بی ٹی) اور این سی پی۔ایس پی کے سرکردہ لیڈران ایک بڑے مشترکہ سیاسی جلسہ کی تیاری کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی کے ایک انتخابی روڈ شو کی بھی تیاری کی جا رہی ہے۔ ساتھ ہی مہاوکاس اگھاڑی نے ریاست کے 5 کروڑ لوگوں تک انتخابی منشور میں شامل 5 گارنٹی والے کارڈ پہنچانے کے لیے ڈور ٹو ڈور مہم کی بھی تیاری کی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔