لارج کیپ زمرے میں سب سے بڑی گراوٹ مہندرا اینڈ مہندرا کے شیئروں میں دیکھنے کو ملی ہے۔ وہیں امبانی کے ریلائنس شیئر میں 1.23 فیصد اوراڈانی پورٹس شیئر میں 1.08 فیصد کی گراوٹ ہوئی ہے۔
شیئر بازار میں گراوٹ کا سلسلہ جاری ہے۔ گزشتہ کاروباری دن منگل کو بُری طرح بکھرنے کے بعد بامبے اسٹاک ایکسچینج کا 30 شیئروں والا سینسیکس بدھ کو بھی گراوٹ کے ساتھ کھلا اور کچھ ہی دیر میں 500 پوائنٹس تک پھسل گیا۔ نیشنل اسٹاک ایکسچینج کا نفٹی انڈیکس بھی سست رفتار سے کھلنے کے بعد 170 پوائنٹس تک پھسل گیا۔ اس گراوٹ سے مکیش امبانی اور گوتم اڈانی کی کمپنیاں بھی نہیں بچ سکیں اور ان کے شیئر بھی بکھر گئے۔
ہفتہ کے تیسرے کاروباری دن بدھ کو شیئر بازار کے دونوں انڈیکس نے گراوٹ کے ساتھ لال نشان پر شروعات کی۔ بی ایس ای سینسیکس پچھلے بند 78675.18 کی سطح سے ٹوٹ کر 78495.53 کی سطح پر کھلا اور کچھ دیر کے کاروبار میں ہی 500 پوائنٹس سے زیادہ پھسل کر 78131.36 کی سطح تک گر گیا۔ دوسری طرف این ایس ای نفٹی نے بھی گراوٹ کے ساتھ کاروبار شروع کیا اور سینسیکس کی طرح اس کے ٹوٹنے کی رفتار بھی بڑھنے لگی۔ گھنٹے بھر کے کاروبار میں ہی یہ انڈیکس 170 پوائنٹس سے زیادہ پھسل کر 23679.35 کی سطح تک آ گیا۔
لارج کیپ زمرے میں سب سے بڑی گراوٹ مہندرا اینڈ مہندرا کے شیئروں میں دیکھنے کو ملی۔ ایم اینڈ ایم شیئر 3٫06 فیصد پھسل کر 2806.60 روپے پر ٹرینڈ کر رہا تھا۔ اس کے علاوہ ٹاٹا اسٹیل شیئر 2.46 فیصد گر کر 140.60 روپے اور جے ایس ڈبلیو اسٹیل شئر 1.82 فیصد کی گراوٹ کے ساتھ 939 روپے پر تھا۔ وہیں ریلائنس شیئر 1.23 فیصد پھسل کر 1257.45 روپے پر تو اڈانی پورٹس شیئر 1.08 فیصد کی گراوٹ کے ساتھ 1311 روپے پر ٹرینڈ کر رہا تھا۔
قابل ذکر ہے کہ کاروباری دن منگل کو سینسیکس میں تیزی کے بعد اچانک سے بڑی گراوٹ دیکھنے کو ملی تھی۔ قریب 200 پوائنٹس بڑھ کر 79644.95 کی سطح پر کھلنے کے بعد یہ انڈیکس اچانک سے پھسل گیا تھا اور کاروبار ختم ہونے پر 820.97 پوائنٹس یا 1.03 فیصد ٹوٹ کر 78675.18 کی سطح پر بند ہوا تھا۔ اس گراوٹ کی وجہ سے بی ایس ای میں لسٹڈ کمپنیوں کے مارکیٹ کیپ میں بھی کمی آئی تھی اور ایک جھٹکے میں قریب 5 لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ تک کا صفایا ہوگیا تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔