کابینہ وزیر ملنگوڈا بسنگوڈا نے نیک خواہشات پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’’ملک کی سب سے کم عمر پائلٹ سمائرہ ہلور کو دل کی گہرائیوں سے مبارک باد جنہوں نے قومی سطح پر ہمارے ملک اور ریاست کا نام روشن کیا۔‘‘
سمائرہ، تصویر @MBPatil
ریاست کرناٹک کے وجے پور کی ایک لڑکی محض 18 سال کی عمر میں ہی پائلٹ بن گئی۔ تاریخ رقم کرنے والی نوجوان لڑکی کا نام سمائرا ہلور ہے وہ ہندوستان کی اب تک کی سب سے کم عمر کی کمرشل پائلٹ بن گئی ہیں۔ سمائرا بزنس میں امین ہلور کی بیٹی ہیں۔ انہوں نے کمرشل پائلٹ لائسنس (سی پی ایل) حاصل کر لیا ہے۔ وہ کمرشل پائلٹ لائسنس پانے والی ہندوستان کی سب سے کم عمر پائلٹ بھی بن گئی ہیں۔ سمائرا نے ونود ایوی ایشن اکیڈمی میں 6 ماہ کی ایوی ایشن ٹریننگ لی۔ اکیڈمی کے بانی ونود یادو اور کیپٹن تپیش کمار کی رہنمائی میں سمائرا نے پہلی ہی کوشش میں سی پی ایل کے تمام امتحانات پاس کر لیے۔ سمائرا نے اپنی کامیابی کا کریڈٹ اپنے کیپٹن تپیش کمار اور ونود یادو کو دیا۔ سمائرا نے اس موقع سے کہا کہ ’’ٹریننگ مشکل تھی لیکن کیپٹن کی مدد سے یہ آسان ہو گیا۔ میری کامیابی کا سارا کریڈٹ کیپٹن تپیش کمار اور ونود یادو کو جاتا ہے۔‘‘
سمائرا ہلور نے پائلٹنگ سمیت 6 لازمی کورسز میں بھی حصہ لیا تھا۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے تحریری امتحان میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ سمائرا نے مہاراشٹر کے بارامتی میں ’کارور ایوی ایشن اکیڈمی‘ میں 7 ماہ کی فلائٹ ٹریننگ لی جہاں ان کو کئی چیلنجز کا بھی سامنا کرنا پڑا۔ سمائرا کے مطابق ’کارور ایوی ایشن اکیڈمی‘ میں تکنیکی مہارت نہیں ملی۔ کیپٹن تپیش کمار میرے آئیڈیل ہیں انہوں نے صرف 25 سال کی عمر میں پائلٹ بن کر کامیابی حاصل کی تھی۔ اب میں ملک کی سب سے کم عمر کمرشل پائلٹ ہوں۔
کابینہ وزیر ملنگوڈا بسنگوڈا عرف ایم بی پاٹل نے بھی سمائرا ہلور کو مبارک باد پیش کی۔ انہوں نے سوشل میڈی پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر سمائرا کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’’ملک کی سب سے کم عمر پائلٹ سمائرا ہلور کو دل کی گہرائیوں سے مبارک باد جنہوں نے قومی سطح پر ہمارے ملک اور ریاست کا نام روشن کیا ہے۔ محض 18 سال کی عمر میں اتنی بڑی کامیابی حاصل کرنا قابل فخر ہے۔ مجھے امید ہے کہ وجے پور کی اس بیٹی کا مستقبل کافی روشن ہوگا۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔