اطلاعات کے مطابق پاکستان کے ذریعہ ’ہائبریڈ ماڈل‘ پر حتمی منظوری دیے جانے کے بعد ہندوستان اپنے میچ یو اے ای میں کھیل سکتا ہے، حالانکہ اس کا آفیشیل اعلان ہونا ابھی باقی ہے۔
چمپئنز ٹرافی، تصویر @TheRealPCB
چمپئنز ٹرافی 2025 کے حوالے سے ایک بڑی خبر نکل کر سامنے آ رہی ہے۔ مشہور خبر رساں ایجنسی ’پی ٹی آئی‘ کی مانیں تو پی سی بی کے ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ اگلے سال ہونے والے چمپئنز ٹرافی کے لیے پی سی بی ’ہائبرڈ ماڈل‘ قبول کرنے کے لیے تیار ہے۔ اس صورت میں ہندوستان اپنے تمام مقابلے دبئی میں کھیلے گا۔ لیکن پی سی بی نے یہ شرط بھی رکھی ہے کہ آئی سی سی ’ہائبرڈ ماڈل‘ کی پالیسی 2031 تک ہونے والے تمام ٹورنامنٹ کے لیے نافذ کرے۔ غور کرنے والی بات یہ ہے کہ 2031 تک ہندوستان کئی بین الاقوامی ٹورنامنٹ کی میزبانی کرنے والا ہے۔ پی سی بی نے 2031 والی شرط اسی لیے رکھی ہے کہ وہ بھی ہندوستان نہ آ کر ’ہائبرڈ ماڈل‘ کی پالیسی کے تحت اپنے تمام میچز ہندوستان سے باہر کھیلیں۔
قابل ذکر ہے کہ آئی سی سی نے جمعہ کو چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے میٹنگ کی تھی۔ اس میٹنگ میں بی سی سی آئی اور پاکستان بورڈ کے حکام نے شرکت کی۔ لیکن اس میں کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہو سکا۔ ذرائع سے ملی اطلاعات کے مطابق اگر پاکستان ’ہائبرڈ ماڈل‘ کے لیے پورے طور پر راضی ہو جاتا ہے، تو ایسی صورت میں ہندوستان اپنے میچ یو اے ای میں کھیل سکتا ہے۔ حالانکہ اس کا آفیشیل اعلان ہونا ابھی باقی ہے۔ موصولہ اطلاع کے مطابق پی سی بی یہ بھی چاہتا ہے کہ آئی سی سی آمدنی میں مالیاتی سائیکل میں اس کے حصہ کو 5.75 فیصد تک بڑھا دے۔ علاوہ ازیں پی سی بی چیئرمین محسن نقوی نے کہا ہے کہ پی سی بی نے میزبانی کے حوالے سے کوئی اضافی فیس نہیں مانگا ہے۔
پی سی بی نے ’ ہائبرڈ ماڈل‘ کے لیے آئی سی سی کے سامنے جو شرطیں رکھی ہیں اسے قبول کرنا اتنا آسان نہیں ہے۔ ایسا اس لیے کیونکہ مستقبل میں کئی ایک بین الاقوامی ٹورنامنٹ ہیں جس کی میزبانی ہندوستان کرنے والا ہے۔ 2025 میں خواتین ون ڈے ورلڈ کپ، 2025 میں ہی مردوں کے ایشیا کپ، 2026 میں سری لنکا کے ساتھ مشترکہ طور پر مردوں کے ٹی-20 ورلڈ کپ کی میزبانی، 2029 میں چمپئنز ٹرافی اور 2031 میں بنگلہ دیش کے ساتھ مشترکہ طور پر مردوں کے ون ڈے ورلڈ کپ کی بھی میزبانی ہندوستان کو کرنی ہے۔