پرینکا گاندھی نے وائناڈ لوک سبھا سیٹ پر ہوئے ضمنی انتخاب میں تقریباً 4.11 لاکھ ووٹوں سے کامیابی حاصل کی ہے، اس جیت کا سرٹیفکیٹ آج وائناڈ کے کانگریس لیڈران نے انھیں راہل گاندھی کی موجودگی میں سونپا۔
وائناڈ پارلیمانی حلقہ پر ہوئے ضمنی انتخاب میں تاریخی فتح حاصل کرنے والی کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی 28 نومبر کو لوک سبھا کی رکنیت کا حلف لینے والی ہیں۔ اس سلسلے میں کانگریس نے جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ 28 نومبر کی صبح 11 بجے وہ لوک سبھا رکنیت کا حلف لیں گی۔ یہ بھی جانکاری ملی ہے کہ کانگریس لیڈر رویندر وسنت راؤ چوہان بھی کل ہی لوک سبھا کی رکنیت کا حلف لیں گے جنھوں نے ناندیڑ پارلیمانی سیٹ پر ہوئے ضمنی انتخاب میں فتح کا پرچم لہرایا ہے۔
اس سے قبل آج وائناڈ کے کانگریس لیڈران نے راہل گاندھی کی موجودگی میں پرینکا گاندھی کو وائناڈ میں ملی جیت کا سرٹیفکیٹ سونپا۔ اس موقع پر سبھی کانگریس لیڈران نے انھیں نیک خواہشات پیش کیں اور راہل گاندھی نے اپنی بہن کو مٹھائی کھلا کر خوشی کا اظہار بھی کیا۔ پرینکا گاندھی نے اپنی کامیابی کے لیے وائناڈ کے لوگوں کا شکریہ ادا کیا اور انتخاب کے دوران پارٹی لیڈران کی انتھک محنت کی بھی تعریف کی۔
قابل ذکر ہے کہ وائناڈ ضمنی انتخاب کا نتیجہ گزشتہ 23 نومبر کو برآمد ہوا۔ اس انتخاب میں پرینکا گاندھی کو تقریباً 4.11 لاکھ ووٹوں سے کامیابی ملی۔ انھوں نے 2024 کے لوک سبھا انتخاب میں راہل گاندھی کو ملی جیت سے بڑی جیت حاصل کی ہے۔ 52 سالہ پرینکا گاندھی نے سی پی آئی (ایم) کی قیادت والے ایل ڈی ایف امیدوار ستین موکیری کو شکست دی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔