ارب پتی کاروباری اور اسٹیل، پاور، انرجی کے ساتھ پورٹ بزنس کرنے والے ایسّار گروپ کے شریک بانی ششی روئیا کا طویل علالت کے بعد آج انتقال ہو گیا۔ ان کی عمر 81 سال تھی۔ روئیا پہلی نسل کے صنعت کاروں میں تھے اور وہ اپنے پیچھے ٹرانسفارمیٹیو لیڈر شپ اور اینوویشن کی وراثت چھوڑ گئے ہیں۔ روئیا اپنی کاروباری زندگی کے علاوہ لوگوں کی مدد اور فلاحی کاموں کے لیے بھی جانے جاتے تھے۔
ششی روئیا کے انتقال سے کاروباری دنیا میں سوگ کی لہر پھیل گئی ہے۔ ایسار گروپ نے اپنے بیان میں ششی روئیا کی خدمات کو یاد کرتے ہوئے ان کے کنبہ کے تئیں تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ روئیا کے انتقال پر وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی غم ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے روئیا کو کاروباری دنیا کی ایک عظیم ہستی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی دور اندیش قیادت اور بہتر سے بہتر کرنے کے ان کے عزم نے ہندوستان کے کاروباری پس منظر کو بدل دیا۔