[ad_1]
بی سی سی آئی آج ممبئی واقع ہیڈکوارٹر میں ایک ریویو میٹنگ کرنے والی ہے، اس میں بی سی سی آئی کی طرف سے چیئرمین روجر بنی، نائب چیئرمین راجیو شکلا اور عبوری سکریٹری دیوجیت سیکیا موجود رہیں گے۔
ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر کو اس عہدہ کی ذمہ داری سنبھالے تقریباً 6 ماہ ہو چکے ہیں، لیکن ان کی رہنمائی میں ابھی تک ٹیم نے کوئی بڑا کارنامہ انجام نہیں دیا ہے۔ راہل دراوڑ نے بطور ہیڈ کوچ ٹی-20 عالمی کپ میں ہندوستانی ٹیم کو چمپئن بنا کر اس عہدہ کو خیر باد کہا تھا، اس کے بعد سے ہندوستانی ٹیم کی کارکردگی لگاتار زوال پذیر ہے۔
گوتم گمبھیر کے ہیڈ کوچ رہتے ہوئے ہندوستانی ٹیم کو سری لنکا کے ہاتھوں 27 سالوں بعد یک روزہ سیریز میں شکست ملی۔ پھر نیوزی لینڈ کے خلاف پہلی بار گھریلو زمین پر کھیلے گئے ٹیسٹ سیریز میں 0-3 سے کلین سوئپ کا سامنا کرنا پڑا۔ بعد ازاں حال ہی میں ختم بارڈر-گواسکر ٹرافی بھی ہندوستانی ٹیم 1-3 سے ہار گئی۔ لگاتار خراب کھیل کا نتیجہ یہ ہوا کہ ہندوستان ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ کے فائنل میں نہیں پہنچ سکا۔ اب بی سی سی آئی فکرمند نظر آ رہی ہے اور گوتم گمبھیر کے کام کو ریویو کرنا چاہتی ہے۔ اس کے لیے اس نے 11 جنوری کو ایک میٹنگ طلب کی ہے، جس پر سبھی کی نظریں مرکوز ہیں۔
بی سی سی آئی آج (11 جنوری) اپنے ممبئی والے ہیڈکوارٹر میں ریویو میٹنگ کرنے والی ہے۔ میڈیا رپورٹس میں بتایا جا رہا ہے کہ اس میٹنگ میں بی سی سی آئی کی طرف سے چیئرمین روجر بنی، نائب چیئرمین راجیو شکلا اور عبوری سکریٹری دیوجیت سیکیا موجود رہیں گے۔ اس دوران ہیڈ کوچ گوتم گمبھری اور چیف سلیکٹر اجیت اگرکر سے ہندوستان کی کارکردگی پر سوال کیے جائیں گے۔ گمبھیر سے سوالات اس لیے کیے جائیں گے کیونکہ ہندوستانی ٹیم نے ٹی-20 کرکٹ میں تو اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا ہے، لیکن یک روزہ اور ٹیسٹ کرکٹ میں امید کے مطابق نتائج برآمد نہیں ہوئے ہیں۔ بنگلہ دیش کو شکست دینے کے بعد محسوس ہو رہا تھا کہ ہندوستانی ٹیم ڈبلیو ٹی سی کے فائنل میں بہ آسانی جگہ بنا لے گی، لیکن لگاتار 2 ٹیسٹ سیریز ہارنے کے سبب ایسا ممکن نہیں ہو سکا۔ روہت شرما اور وراٹ کوہلی کی کارکردگی بھی انتہائی خراب رہی، اس لیے ممکن ہے ان کے ٹیسٹ کیریئر کو لے کر بھی میٹنگ میں تبادلہ خیال ہو۔
بتایا جا رہا ہے کہ ہندوستانی کرکٹ بورڈ فی الحال گوتم گمبھیر سے حالیہ نتائج پر جواب سننا چاہتا ہے۔ اس کے علاوہ وہ انگلینڈ کے خلاف ٹی-20 اور یک روزہ سیریز سے متعلق بھی بات چیت کرنا چاہتا ہے۔ ویسے ٹیسٹ ٹیم کے مستقبل کو لے کر بھی بات چیت ضرور ہوگی۔ اب دیکھنے والی بات یہ ہوگی کہ گمبھیر کے خلاف کوئی ایکشن بھی لیا جاتا ہے یا نہیں۔ حالانکہ ایسا کچھ ہوتا محسوس نہیں ہو رہا۔ بی سی سی آئی کی زیادہ توجہ فی الحال 19 فروری سے شروع ہونے والے آئی سی سی کے یک روزہ ٹورنامنٹ ’چمپئنز ٹرافی‘ پر ہے۔ اس لیے بورڈ کوئی ہلچل والی حالت پیدا نہیں کرنا چاہے گا۔ اگر کوئی بڑا اور سخت فیصلہ لینا ہوگا تو اس کے لیے یہ ٹورنامنٹ ختم ہونے کا انتظار کرنا پڑے گا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
[ad_2]
Source link