لاہور:
والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کی جانب سے گجرانولہ میں واقع حویلی مہاراجہ رنجیت سنگھ کی بحالی اور مرمت کا کام جاری ہے، یہ منصوبہ مئی 2024 میں شروع ہوا اور نومبر 2025 میں مکمل ہوگا۔
یہ حویلی تاریخی اہمیت کی حامل ہے کیونکہ مہاراجہ رنجیت کی پیدائش اور پرورش یہاں ہوئی تھی۔ اس لیے اسے سکھ ورثے کی ایک نمایاں عمارت سمجھا جاتا ہے۔ کام کا زیادہ تر حصہ مکمل کر لیا گیا ہے جس میں دستاویز سازی، سطحی کام اور تجاوزات کا خاتمہ شامل ہے۔ اس منصوبے کا بجٹ 84.5 ملین روپے ہے۔
ڈائریکٹر کنزرویشن اینڈ پلاننگ نجم الثاقب نے بتایا کہ ہم حویلی مہاراجہ رنجیت سنگھ کے منصوبے پر تیزی سے کام کر کر رہے ہیں۔ مرمت و بحالی کے کام کامیابی سے مکمل کر لیے گئے ہیں جبکہ جاری کام میں ساختی استحکام اور چھت کی مرمت شامل ہے۔ اس کے علاوہ، اس منصوبے میں حویلی کو روشن کرنے کا منصوبہ بھی شامل ہے، جس کے تحت مختلف لائٹس لگائی جائیں گی تاکہ حویلی کی خوبصورتی کو مزید نکھارا جا سکے۔ عوامی رسائی کو بھی آسان بنانے کی خاطر بھرپور کوششیں کی جا رہی ہیں تاکہ یہ مقام سیاحت کے لیے کھولا جا سکے۔
والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کی ترجمان تانیہ قریشی کے مطابق حویلی رنجیت سنگھ کا منصوبہ اپنے آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے اور یہ مقام جلد ہی عوام کے لیے ایک شاندار سیاحتی مقام ہوگا۔ ہم سیاحوں کو سکھ ورثے کی اس خوبصورت تاریخی مقام کی سیر کی دعوت دیتے ہیں۔
والڈ سٹی اتھارٹی لاہور سے باہر بھی اہم ثقافتی ورثے کی حفاظت کے لیے اپنی کوششوں کو وسعت دینے اور تیز کرنے کے لیے پرعزم ہے۔