لاہور:
جناح ہاؤس حملہ کیس میں علیمہ و عظمیٰ خان کی حاضری معافی کی درخواست منظور کرلی گئی۔
انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں جناح ہاؤس حملہ سمیت 9 مئی کے دیگر مقدمات میں بانی پی ٹی آئی کی بہنوں علیمہ خان، عظمیٰ خان و دیگر ملزمان کی عبوری ضمانتوں کی درخواستوں پر سماعت ہوئی، جس میں علیمہ و عظمیٰ خان کی جانب سے ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست کی گئی۔
وکلا نے عدالت سے استدعا کی کہ راستے بند ہیں، علیمہ خان اور عظمیٰ خان اسلام آباد میں ہیں، ایک دن کے لیے حاضری سے استثنا دیا جائے۔ علاوہ ازیں وکلا کی جانب سے زین قریشی،سلمان اکرم راجا، چوہدری بلال اعجاز اور محمد احمد چٹھہ کی بھی حاضری معافی کی درخواست دائر کردی گئی۔
انسداد دہشت گردی کے ایڈمن جج منظر علی گل نے تمام ملزمان کی حاضری معافی کی درخواست منظور کرتے ہوئے 7 دسمبر تک سماعت ملتوی کردی۔