دیویندر یادو نے کہا کہ کانگریس مشکل وقت میں ہمیشہ عوام کے ساتھ کھڑی رہ کر ان کے فلاح کے لیے کام کرتی ہے۔
نئی دہلی: آج دہلی کانگریس صدر دیویندر یادو کی قیادت میں ’دہلی نیائے یاترا‘ کی شروعات رام لیلا میدان، چلّا اسپورٹس کمپلیکس وسندھرا انکلیو سے پرچم کشائی کے ساتھ شروع ہوئی۔ آج اس یاترا میں خواتین، بزرگ، مذہبی و سماجی تنظیموں کے افراد نے خاص طور سے شرکت کی۔ ’دہلی نیائے یاترا‘ کے دوسرے مرحلہ کے آخری دن کا اختتام بدری ناتھ پارک (ونود نگر) میں ہوا۔
آج ’دہلی نیائے یاترا‘ کونڈلی، ترلوک پوری اور پٹپڑ گنج اسمبلی حلقہ سے گزری۔ اس یاترا میں دیویندر یادو کے ساتھ سابق رکن پارلیمنٹ سندیپ دیکشت، سابق ریاستی صدر چودھری انل کمار، کانگریس سکریٹری دانش ابرار، سابق رکن اسمبلی امریش گوتم، آصف محمد خان، سابق میئر فرہاد سوری، ضلع صدر دنیش کمار، سابق ضلع صدر لکشمن، دیپک بھاردواج، پروین میسی، راجیو ورما سمیت ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ یاترا کے دوران جگہ جگہ اسٹیج بنے ہوئے تھے جہاں رہائشی لوگوں نے دیویندر یادو سمیت دیگر ’نیائے جنگجو‘ کا استقبال کیا۔ دوسرے مرحلہ میں جمنا پار کے 16 اسمبلی حلقوں میں یاترا پوری کر لی گئی۔
یاترا کے دوران دیویندر یادو نے دہلی کی عوام سے اپیل کی کہ وہ آئندہ اسمبلی انتخاب میں کانگریس کے حق میں ووٹ دے کر اپنے روشن مستقبل کو یقینی بنائیں۔ انھوں نے کہا کہ ’’ہم دہلی والوں کے ساتھ مل کر دہلی کو بہتر بنائیں گے، اسے بے روزگاری اور مہنگائی سے پاک بنائیں گے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ بی جے پی اور عآپ کی 11 سالہ حکومت میں بدانتظامی اور ناانصافی کا دور دورہ رہا۔ سڑک پر اور سڑک کے کنارے ٹھیلہ لگا کر ذریعہ معاش چلانے والے دہلی کے لاکھوں لوگ محنت تو بہت کرتے ہیں، لیکن کچھ حاصل نہیں ہو رہا۔ 2014 سے پہلے یہ لوگ جو کام کرتے تھے، اس میں ان کی زندگی آسانی سے گزرتی تھی۔ اب پولیس اور کارپوریشن کا ڈنڈا، بدعنوانی، غیر قانونی وصولی بڑھ گئی ہے۔ یہ سب کچھ عآپ حکومت کی عدم فعالیت کے سبب ہے۔ بی جے پی کی مرکزی حکومت اور کیجریوال کی رہنمائی والی دہلی حکومت ریہڑی پٹری ایکٹ کو نافذ نہیں کر کے دہلی کے لاکھوں لوگوں کی روزی روٹی مشکل میں ڈال رہی ہے۔