[ad_1]
جنوبی افریقہ کے خلاف حالیہ اختتام پذیر ٹی-20 سیریز ہندوستانی کھلاڑیوں کے لیے کافی بہترین رہا۔ اپنی بہترین کارکردگی کی بدولت ہاردک پانڈیا دنیا کے نمبر 1 آل راؤنڈر اور تلک ورما نمبر 3 بلے باز بن گئے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کاؤنسل (آئی سی سی) نے بدھ کو ٹی-20 کھلاڑیوں کی تازہ رینکنگ جاری کی ہے۔ ہندوستان کے آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا کو جنوبی افریقہ کے خلاف حالیہ اختتام پذیر 4 ٹی-20 کی سیریز میں بہترین پرفارمنس کا فائدہ ملا ہے۔ ہاردک پانڈیا نے ایک بار پھر آل راؤنڈر زمرے میں سر فہرست مقام حاصل کر لیا ہے۔ انہوں نے یہ مقام انگلینڈ کے لیام لیونگسٹن اور نیپال کے دیپیندر سنگھ ایری کو پیچھے چھوڑ کر حاصل کیا۔ ہاردک پانڈیا کے 244 ریٹنگ پوائنٹس ہیں، جبکہ لیام لیونگسٹن 230 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر اور دیپیندر سنگھ ایری بھی 230 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔
جنوبی افریقہ کا دورہ ہندوستانی کھلاڑیوں کے لیے کافی بہترین رہا۔ ایک طرف ہاردک پانڈیا نے اس سیریز میں بہترین کارکردگی پیش کرتے ہوئے آل راؤنڈر زمرے میں نمبر 1 مقام حاصل کیا، وہیں دوسری جانب بلے بازی میں بھی تلک ورما نے بہترین پرفارمنس کرتے ہوئے 2 شاندار سنچری اسکور کی۔ اس بہترین پرفارمنس کے لیے ان کو تیسرے اور چوتھے ٹی-20 میچ میں پلیئر آف دی میچ اور سیریز میں 280 رن کا اسکور بنانے کے عوض پلیئر آف دی سیریز کا ایوارڈ بھی دیا گیا۔ اب جبکہ آئی سی سی کی جانب سے تازہ رینکنگ جاری ہوئی ہے تو اس میں تلک ورما نے سوریہ کمار یادو اور بابر اعظم کو پچھاڑتے ہوئے بلے بازی کے زمرے میں نمبر 3 مقام حاصل کر لیا ہے۔ تلک ورما کے اس وقت 806 ریٹنگ پوائنٹس ہیں۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ گیند بازی رینکنگ میں بھی کافی تبدیلی دیکھنے کو مل رہی ہے۔ حالیہ ٹی-20 سیریز میں پرفارمنس کی بنیاد پر ہندوستانی گیند بازوں نے گیندبازی رینکنگ میں بھی کافی سدھار کیا ہے۔ ہندوستانی تیز گیند باز عرشدیپ سنگھ نے جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 8 وکٹ لیے تھے۔ اس کارکردگی کی بدولت ٹی-20 گیندبازی رینکنگ میں وہ 656 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ 9ویں پائیدان پر پہنچ گئے ہیں۔ ٹاپ-10 میں ان کے علاوہ ہندوستان کے اسپن گیندباز روی بشنوئی 666 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ 8ویں مقام پر قابض ہیں۔ گیندبازی میں سر فہرست مقام پر انگلینڈ کے اسپن گیندباز عادل رشید 701 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ موجود ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
[ad_2]
Source link