بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ تیجسوی سوریہ پر فرضی خبر پھیلانے کے معاملے میں کارروائی ہوئی ہے۔ ایک کسان کی خودکشی کے معاملے کو وقف بورڈ کے ساتھ زمینی تنازع سے جوڑ کر غلط خبر پھیلانے کے الزام میں بی جے پی رہنما اور کنڑ نیوز پورٹل کے ایڈیٹروں کے خلاف معاملہ درج کیا گیا ہے۔ پولیس نے جمعہ کو یہ جانکاری دی۔
سوشل میڈیا سائٹ ‘ایکس’ پر نیوز پورٹل کی خبر کو ساجھا کرتے ہوئے بنگلورو جنوب کے رکن پارلیمنٹ تیجسوی سوریہ نے 7 نومبر کو الزام لگاتے ہوئے کہا تھا کہ ہاویری ضلع میں کسان نے وقف بورڈ کی طرف سے اس کی زمین پر قبضہ کیے جانے کے بارے میں پتہ چلنے پر مبینہ طور سے خودکشی کرلی ہے۔ تیجسوی نے اپنے پوسٹ میں کرناٹک حکومت پر بھی اس سلسلے میں کئی الزامات لگائے تھے۔