افغان قونصلیٹ کے ترجمان نے اپنے وضاحتی بیان میں کہا ہے کہ پاکستانی ترانے میں میوزک کی وجہ سے قونصل جنرل کھڑے نہیں ہوئے۔
پشاور میں منعقدہ رحمت العالمین کانفرنس میں قومی ترانے پر کھڑے نہ ہونے کے معاملے پر ترجمان افغان قونصلیٹ نے وضاحتی بیان جاری کیا اور کہا کہ پاکستانی ترانے کی بے حرمتی اور بے توقیری ہرگز مقصد نہیں تھا جبکہ ترانے میں میوزک تھا اس لیے قونصل جنرل کھڑے نہیں ہوئے۔
مزید پڑھیں: افغان قونصل جنرل کی قومی ترانے کی بے حرمتی پر پاکستان کی شدید مذمت
افغان قونصلیٹ کے ترجمان نے کہا کہ ہم نے اپنے قومی ترانے پر بھی موزیک کی وجہ سے پابندی لگائی ہوئی ہے، اگر ترانا بغیر میوزک کے چلتا یا بچے پیش کرتے تو قونصل جنرل لازمی کھڑے ہوتے اور سینے پر ہاتھ بھی رکھتے۔
یہ بھی پڑھیں: افغان قونصل جنرل کی سفارتی آداب کی سنگین خلاف ورزی پرکے پی حکومت کا موقف سامنے آگیا
ترجمان افغان قونصلیٹ نے کہا کہ پاکستان یا قومی ترانے کی توہین کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔
دوسری جانبدفتر خارجہ نے پشاور میں ایک تقریب کے دوران افغانستان کے قائم مقام قونصل جنرل کی جانب سے قومی ترانے کی بے حرمتی پر شدید ردعمل جاری کیا ہے۔
دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے پشاور میں ایک تقریب کے دوران افغانستان کے قائم مقام قونصل جنرل کی جانب سے پاکستانی قومی ترانے کی بے حرمتی کے حوالے سے میڈیا کے سوالات کے جواب میں کہا کہ میزبان ملک کے قومی ترانے کی بے حرمتی سفارتی آداب کے خلاف ہے۔
انہوں نے مزید کہا تھا کہ افغانستان کے قائم مقام قونصل جنرل کا یہ اقدام قابل مذمت ہے، ہم اس معاملے پر اپنا شدید احتجاج اسلام آباد اور کابل میں افغان حکام تک پہنچا رہے ہیں۔‘‘