کراچی: وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر برائے لائیواسٹاک اینڈ فشریز سید نجمی عالم کی زیر صدارت ورلڈ بینک کے تعاون سے لائیو اسٹاک اینڈ فشریز سیکٹر پروگرام کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا جس میں پروگرام کوآرڈینیٹر لائیواسٹاک ڈاکٹر نذیر حسین کلہوڑو اور فشریز سیکٹر میں پروگرام کوآرڈینیٹر سراج احمد سولنگی نے صوبائی مشیر نجمی عالم کو پروگرام کے بارے میں بریفنگ دی۔
اس موقع پر سیکرٹری لائیو سٹاک اینڈ فشریز ڈاکٹر کاظم حسین جتوئی نے بھی شرکت کی بریفنگ کے دوران صوبائی مشیر کو بتایا گیا کہ سندھ بھر میں اب تک 32 ہزار خاندانوں کو مرغیوں اور بکریوں کا پیکج دیا جا چکا ہے جس کے تحت 5 بکریاں جن میں چار بکریاں اور ایک بکرا اور 9 مادہ مرغیاں اور ایک مرغا شامل ہیں۔
اس سال بھی یہ پروگرام جاری ہے اور ہم اس پروگرام کے تحت تھرپارکر، سجاول، میرپورخاص، سکھر اور دادو اضلاع میں غریب عوام کو فائدہ پہنچائیں گے اس پروگرام کا فائدہ یہ ہے کہ کمزور بچوں کو دودھ دستیاب ہورہا ہے۔
ان جانوروں کی دیکھ بھال کے لیے ہم انھیں مختلف بیماریوں سے بچانے کے لیے ویکسین بھی دیں گے جبکہ ماہی گیری کے شعبے میں ہم سندھ کی جھیلوں، تالابوں اور نہروں میں مچھلی کے لاکھوں بیج مفت میں ڈال رہے ہیں تاکہ سندھ کے ماہی گیر ان مچھلیوں کو پکڑ کر خود گزربسر کر سکیں۔
اس کے علاوہ سندھ کی ساحلی پٹی میں مچھلی کے تالاب کی تعمیر کے لیے زمین دینے کی پیشکش بھی کی ہے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت ہم انہیں مچھلی کے بیج بالخصوص تازہ پانی کے جھینگے اور ان کی پرورش کے لیے تکنیکی مدد بھی فراہم کریں گے۔
صوبائی مشیر سید نجمی عالم نے اس موقع پر کہا کہ یہ پروگرام ہماری پارٹی کا منشور ہے اور پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو کے وژن میں سندھ کے غریب عوام کی خدمت کریں گے۔